تلنگانہ

وقارآباد میں سانحہ: کوٹ پلی پراجیکٹ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد غرقاب

بتایا گیا ہے کہ وہ تہوار کے موقع پر بغرض تفریح کوٹ پلی پروجیکٹ گئے تھے۔  وہ تیراکی کے لئے پانی میں اترے تاہم انہیں پانی کی گہرائی کا اندازہ نہیں ہوا اور حادثاتی طور پر ڈوب کر فوت ہوگئے۔

وقارآباد: سنکرانتی تہوار کے موقع پر وقارآباد ضلع میں اس وقت ایک افسوسناک واقعہ پیش آیاجبکہ کوٹ پلی پروجیکٹ میں پیراکی کے دوران ایک ہی خاندان کے چار افراد غرقاب ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ وہ تہوار کے موقع پر بغرض تفریح کوٹ پلی پروجیکٹ گئے تھے۔  وہ تیراکی کے لئے پانی میں اترے تاہم انہیں پانی کی گہرائی کا اندازہ نہیں ہوا اور حادثاتی طور پر ڈوب کر فوت ہوگئے۔

چیخ و پکار سن کر مقامی لوگ وہاں پہنچے تاہم کسی کو بھی بچایا نہیں جاسکا۔ جب انہیں نکالا گیا تب تک چاروں کی موت واقع ہوچکی تھی۔

مہلوکین کی شناخت پڈورو منڈل کے رہنے والے 28 سالہ لوکیش، 24 سالہ جگدیش، 25 سالہ وینکٹیش اور 24 سالہ راجیش کے طور پر کی گئی ہے۔

اطلاع ملتے ہی وقارآباد ضلع ایڈیشنل ایس پی محمد رشید وہاں پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے وقارآباد کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

اسی دوران مقامی رکن اسمبلی ڈی آنند نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے رشتہ داروں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت پر گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔