کانگریس امیدوار سرینواس ریڈی کے مکانات پر آئی ٹی کے چھاپے
سرینواس ریڈی نے کہا تھا کہ کانگریس کے لیڈروں کو آئندہ چند دنوں کے دوران مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔انہوں نے کانگریس کے امیدواروں سے خواہش کی تھی کہ وہ ان چھاپوں سے فکرمند نہ ہوں۔

حیدرآباد: پالیروکے کانگریس امیدوار پی سرینواس ریڈی کی قیامگاہوں پر آئی ٹی کے عہدیداروں نے چھاپے مارے۔سرینواس ریڈی نے گذشتہ روز ہی کہا تھا کہ ان کے مکانات پر آئی ٹی حکام کی جانب سے چھاپے مارے جائیں گے۔
آج صبح تقریبا تین بجے تقریبا 8گاڑیوں میں آئی ٹی کے عہدیداروں کی ٹیمیں ان کے مکانات پہنچیں جنہوں نے بیک وقت حیدرآباد کے ننداگری ہلز اور کھمم میں ان کے مکانات اور دفاتر پرچھاپے مارے۔چھاپوں سے پہلے سرینواس ریڈی اور ان کے عملے کے فون ضبط کر لیے گئے۔
ان چھاپوں کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ تلنگانہ میں جاریہ ماہ کی 30تاریخ کو انتخابات ہونے والے ہیں اور سرینواس ریڈی نے گذشتہ روز ہی کہا تھا کہ ان کے مکانات پر چھاپے مارے جانے والے ہیں۔سرینواس ریڈی جو تاجر ہیں، کانگریس کی انتخابی تشہیری کمیٹی کے معاون صدرنشین بھی بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ کانگریس کے لیڈروں کو آئندہ چند دنوں کے دوران مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔انہوں نے کانگریس کے امیدواروں سے خواہش کی تھی کہ وہ ان چھاپوں سے فکرمند نہ ہوں۔
ان چھاپوں کی اطلاع کے ساتھ ہی سرینواس ریڈی کے حامیوں اور کانگریس کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے مکانات کے قریب پہنچی۔انتخابی عہدیداروں اور پولیس نے گذشتہ روز سابق وزیر اور کھمم کے کانگریسی امیدوار ٹی ناگیشور راؤ کے مکانات کی تلاشی لی۔