جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد کی ’’احترامِ انسانیت‘‘ مہم کا 18 جنوری سے آغاز، یاقوت پورہ اور ریاست نگر میں کیڈر میٹس
مرزا محمد اعظم علی بیگ، سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد نے موجودہ حالات میں انسانی جان، عزت اور حقوق کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ’’احترامِ انسانیت‘‘ مہم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا
جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ’’احترامِ انسانیت‘‘ مہم 18 جنوری سے 31 جنوری 2026 تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے تحت یاقوت پورہ میں اسلامک سنٹر و مسجد ابراہیمؑ، مادناپیٹ پر 18 جنوری بروز اتوار اور ریاست نگر میں اقراء ہائی اسکول، معین باغ پر 15 جنوری کو کیڈر میٹس منعقد ہوئیں۔
ان اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مرزا محمد اعظم علی بیگ، سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد نے مہم کی غرض و غایت، پس منظر اور خدوخال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے موجودہ حالات میں انسانی جان، عزت اور حقوق کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ’’احترامِ انسانیت‘‘ مہم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
بعد ازاں جناب فاروق طاہر (امیر مقامی، یاقوت پورہ) اور جناب محمد حسام الدین متین (امیر مقامی، ریاست نگر) نے مہم سے متعلق مقامی منصوبہ بندی، اہداف اور لائحہ عمل سے کیڈر کو واقف کروایا۔ اس موقع پر مہم کی سرگرمیوں اور متوقع اہداف پر گفتگو ہوئی، شرکاء نے سوالات کئے اور عملی رہنمائی حاصل کی۔
یاقوت پورہ کے پروگرام میں تنظیمی سکریٹری جناب عبد المجیب صہیب، اراکینِ شوریٰ اور جمیع ارکان و کارکنان شریک تھے۔ جبکہ ریاست نگر کی کیڈر میٹ میں تنظیمی سکریٹری جناب سید عبد اللہ ہاشمی طلحہ، مولوی ضیاء الدین بیگ کاظم، جناب محمد عماد الدین، جناب محمد معزالدین، جناب محمد امجد خان کے علاوہ جمیع ارکان و کارکنان موجود تھے۔ اس موقع پر ذیلی تنظیموں ایس آئی او اور جی آئی او کے ذمہ داران اور شعبہ خواتین کی ناظمات محترمہ زکیہ بیگم اور محترمہ رضوانہ رفعت بھی شریک رہیں۔ اجلاس کا اختتام مہم کو مؤثر انداز میں انجام دینے کے عزم اور اجتماعی دعا پر ہوا