جامعہ ملیہ کے طالب علم پر دواخانہ کے اندر فائرنگ
قومی دارالحکومت میں جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کے ایک طالب ِ علم پر دوسرے طالب علم نے دواخانہ کے اندر گولی چلائی۔
نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کے ایک طالب ِ علم پر دوسرے طالب علم نے دواخانہ کے اندر گولی چلائی۔
یہ واقعہ جمعرات کو دیر گئے جنوبی مشرقی دہلی کے ہولی فیملی ہاسپٹل کا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پولیس (ساؤتھ ایسٹ) ایشا پانڈے نے بتایا کہ جامعہ نگر پولیس اسٹیشن میں پی سی آر کال آئی تھی کہ جامعہ لائبریری میں جھگڑا ہوا ہے۔ انکوائری پر پتہ چلا کہ یہ طلبا کے دو گروپس کا جھگڑا ہے۔
ایل ایل ایم سال دوم کے طالب علم 26 سالہ نعمان چودھری کے سر پر زخم آیا تھا۔ اسے علاج کے لئے ہولی فیملی ہاسپٹل لے جایا گیا۔ ایک اور طالب علم نعمان علی جو نعمان چودھری کا دوست ہے‘ اسے دیکھنے دواخانہ گیا۔
اسی دوران حریف گروپ کا طالب ِ علم جلال جو میوات (ہریانہ) کا رہنے والا ہے‘ اپنے دوستوں کے ساتھ دواخانہ پہنچا اور اس نے دواخانہ کے ایمرجنسی وارڈ کے باہر نعمان علی پر فائر کردیا۔
نعمان علی کی کھوپڑی پر زخم آیا۔ اسے فوری ایمس کے ٹراما سنٹر لے جایا گیا۔اسی دوران دہلی پولیس کرائم ٹیم نے فائرنگ کے مقام کا معائنہ کیا۔ جامعہ نگر اور نیو فرینڈس کالونی پولیس اسٹیشنوں میں قانونی کارروائی شروع کی گئی۔