پدا پلی کی ایک خاتون نے ماں کو چاند کا پلاٹ تحفہ میں دیا
گوداوری کھنی کے جی ایم کالونی کے ساکن سنگارینی کولریز کے ملازم ایس سدھاکر اور وکولہ دیوی نامی چوڈے کو دو بیٹیاں ہیں۔ بڑی لڑکی سائی وگناتا نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد امریکہ میں سکونت اختیار کرلی۔

حیدرآباد: ریاست کے پداپلی ضلع کے گوداوری کھنی ٹاؤن میں عجیب وغریب واقعہ رونماء ہوا۔ ایک خاتون نے چاند پر اراضی خریدکر اپنی والدہ کو تحفہ دیا۔ ہندوستان کی جانب سے کامیابی کے ساتھ چاند کے جنوبی خطب پر لینڈنگ کے بعد اسی روز اس خاتون نے اراضی کو اپنی والدہ کے نام رجسٹریشن کرایا۔
تفصیلات کے مطابق گوداوری کھنی کے جی ایم کالونی کے ساکن سنگارینی کولریز کے ملازم ایس سدھاکر اور وکولہ دیوی نامی چوڈے کو دو بیٹیاں ہیں۔ بڑی لڑکی سائی وگناتا نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد امریکہ میں سکونت اختیار کرلی۔
وہاں گورنر کم رونالڈس میں بطور پروجیکٹ منیجر کام کررہی ہے۔ سائی وگناتا امریکہ منتقل ہونے کے بعد سے ہر سال یوم مادر پر اپنی والدہ کو تحفہ تحائف بھجواتی رہتی ہے۔
مگر ان تحفہ تحائف دینے سے وہ مطمئن نہیں تھی۔ اپنی والدہ کو ایسا تحفہ دینا چاہتی تھی جو نہ صرف منفرد اور نایاب ہو بلکہ دنیا بھر میں یاد رکھا جائے۔ ایسا تحفہ دینا چاہتی تھی جو اب تک کسینے کسی کو نہیں دیا ہے۔
اس دوران اس کی نظر Lunar Land Registry نامی ویب سائٹ پر پڑی‘ جس میں چاند پر اراضیات فروخت کئے جاتے ہیں۔ اس نے فوری اپنی والدہ وکولہ دیوی اور بیٹی آریا کے نام پر چاند پر اراضی خریدلی۔
23 اگست کو جس دن وکرم لینڈر نے چاند پر کامیابی سے لینڈنگ کی اراضی کی رجسٹری کی گئی۔ اب یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔