شمالی بھارت

جنتادل یو کے مسلم قائدین کی نتیش کمار کا دفاع کرنے کی کوشش

بڑھتی ناراضگی کی روک تھام کی کوشش میں جنتادل یو کے سینئر مسلم قائدین نے پٹنہ میں ہفتہ کے دن مشترکہ پریس کانفرنس کرکے چیف منسٹر نتیش کمار کا دفاع کرنے کی کوشش کی۔

پٹنہ (آئی اے این ایس) بڑھتی ناراضگی کی روک تھام کی کوشش میں جنتادل یو کے سینئر مسلم قائدین نے پٹنہ میں ہفتہ کے دن مشترکہ پریس کانفرنس کرکے چیف منسٹر نتیش کمار کا دفاع کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے وقف ترمیمی بل کی تائید کی۔ اتحاد کا یہ مظاہرہ ایسے وقت ہوا جب پارٹی کے کئی مسلم قائدین وقف بل پر پارٹی کے موقف کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مستعفی ہورہے ہیں۔

پارٹی دفتر میں میڈیا سے بات چیت میں جنتادل یو کی ریاستی ترجمان انجم آراء نے اندیشے دور کرتے ہوئے کہا کہ وقف جے پی سی نے ہماری پارٹی کی 5 تجاویز قبول کرلیں اور انہیں بل میں شامل کردیا۔

کسی بھی مسجد‘ درگاہ یا مذہبی مقام کو ہاتھ نہیں لگایا جائے گا۔ نتیش کمار کے برسراقتدار رہنے تک یہ سارے مقامات محفوظ ہیں۔

بل پر سخت تنقید کرنے والے غلام غوث ڈائس پر موجود تھے لیکن انہیں بولنے نہیں دیا۔ پریس کانفرنس اچانک ختم ہوگئی۔ مسلم قائدین میڈیا کے سوالات کا جواب دیئے بغیر وہاں سے چلے گئے۔ پارٹی کی کوششوں کے باوجود مسلم قائدین میں ناراضگی بڑھتی جارہی ہے۔