پرجول ریوانا جنسی استحصال کیس، گورنر سے سی بی آئی انکوائری کرانے جے ڈی (ایس) کا مطالبہ
ایچ ڈی ریونا کے چھوٹے بھائی کمار سوامی نے جمعرات کی دیر شام یہاں میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی ٹی کی تحقیقات کی غیر جانبداری پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
بنگلورو: کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور جنتا دل سیکولر (جے ڈی-ایس) لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے گورنر تھاور چند گہلوت سے ملاقات کرکے ہاسن کے ایم پی پرجول ریونا سے جڑے مبینہ جنسی استحصال کیس کی تحقیقات سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے کرانے میں مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
کرناٹک کے سیاسی منظر نامے میں ہلچل مچا دینے والے اس معاملے کی فی الحال کرناٹک پولس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تحقیقات کر رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اور جے ڈی (ایس) ایم ایل اے ایچ ڈی ریونا کے بیٹے پرجول کا خاندان ریاست کے سیاسی میدان میں اہم سیاسی اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ وہ اور ان کے والد جنسی استحصال سے متعلق تنازعات میں الجھ چکے ہیں۔ مسٹر ایچ ڈی ریونا کو جنسی زیادتی سے جڑے ایک متاثرہ کے مبینہ اغوا کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
مسٹر ایچ ڈی ریونا کے چھوٹے بھائی مسٹر کمار سوامی نے جمعرات کی دیر شام یہاں میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی ٹی کی تحقیقات کی غیر جانبداری پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی واضح الجھن اور غلط سمت کے پیش نظر ایس آئی ٹی سے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع کرنا ناقابل تصور ہے۔
اعلیٰ حکام کے درمیان ملی بھگت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا، ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر دیوراجے گوڑا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے درمیان ہونے والی بات چیت نے ایس آئی ٹی کی تحقیقات میں وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ کی ملی بھگت کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ریاستی حکومت پر جے ڈی (ایس) اور مسٹر دیوے گوڑا کو بدنام کرنے کی مہم چلانے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر کمار سوامی نے سی بی آئی جانچ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہاسن لوک سبھا حلقہ میں مبینہ قابل اعتراض مواد کی تقسیم کے پیچھے مسٹر شیوکمار کا ہاتھ تھا۔
مسٹر کمارسوامی نے الزام لگایا کہ ایس آئی ٹی جانچ جانبدارانہ ہے اور اس میں شفافیت کا فقدان ہے۔ متاثرین کو شکایات درج نہ کرنے کے لئے ڈرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مبینہ ویڈیو کی گردش کی وجہ سے متاثرین کے اہل خانہ کو ہونے والی پریشانی کو اجاگر کرتے ہوئے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے گورنر کی مداخلت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پرایس آئی ٹی کی کارروائی پر بے جا اثر ڈالنے کا الزام لگایا۔
جے ڈی (ایس) لیڈر نے مسٹر شیوکمار کو اس مبینہ جنسی زیادتی کیس کے پیچھے کا ‘ماسٹر مائنڈ’ قرار دیتے ہوئے، گورنر سے مسٹر سدارامیا کو (مسٹر شیوکمارکو) کابینہ سے ہٹانے کا مشورہ دہنے کی اپیل کی۔ اس معاملے کے انکشاف کے ساتھ ہی ریاست کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ جے ڈی (ایس) نے حکمراں پارٹی پر سیاسی جوڑ توڑ اور بدانتظامی کے الزامات کے درمیان سی بی آئی جانچ کے لیے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔