آندھراپردیش

جسٹس لیسیٰ گل،آندھراپردیش ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی

جسٹس عیسی گل آندھراپردیش ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔ سپریم کورٹ کالجیم نے جس کی قیادت چیف جسٹس آف انڈیا کر رہے تھے نے جسٹس عیسیٰ گل کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ کا اگلا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔

حیدرآباد: جسٹس لیسیٰ گل آندھراپردیش ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔ سپریم کورٹ کالجیم نے جس کی قیادت چیف جسٹس آف انڈیا کر رہے تھے نے جسٹس عیسیٰ گل کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ کا اگلا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔


یہ سفارش اعلیٰ آئینی عہدوں پر تقررات کے حالیہ سلسلہ کا حصہ ہے جس کا مقصد مختلف ہائی کورٹس میں ججوں کے خالی عہدوں کو پُر کرنا ہے۔ جسٹس لیسیٰ گل جو اس وقت پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹ کی ایک سینئر جج کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، عدلیہ میں اپنی نمایاں خدمات اور دستوروقانون میں مہارت کے لئے جانی جاتی ہیں۔


کالجیم کی نئی پالیسی کے تحت جسٹس لیسیٰ گل کا آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں ابتدائی تقرر بطور جج ہوگااور وہ تقریباً دو ماہ بعد 25 اپریل کو اس وقت چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گی جب موجودہ چیف جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر ریٹائر ہوں گے۔

اس نئی پالیسی کا مقصد یہ ہے کہ آنے والے چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے سے قبل ہائی کورٹ کے انتظامی امور اور کام کاج کو سمجھنے کا بھرپور موقع مل سکے۔


جسٹس لیسیٰ گل پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ قانون کی سابقہ طالبہ ہیں جہاں سے انہوں نے بی اے، ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہوں نے 1990 میں بطور وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں طویل عرصہ تک فوجداری، دیوانی، سروس، ریونیو اور آئینی معاملات میں وکالت کی۔

وہ کئی سالوں تک مرکز کے زیر انتظام علاقہ چندی گڑھ کے علاوہ مختلف بورڈس اور کارپوریشنس کی قانونی نمائندگی بھی کر چکی ہیں۔ ان کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے انہیں 31 مارچ 2014 کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔

مرکزی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے منظوری اور صدر جمہوریہ کے احکام جاری ہونے کے بعد وہ باقاعدہ طور پر آندھرا پردیش میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔