جسٹس منموہن نے سپریم کورٹ کے جج کے طور پر حلف لیا
جسٹس منموہن کو 13 مارچ 2008 کو دہلی ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا اور وہ 29 ستمبر 2024 سے اس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس منموہن نے جمعرات کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر حلف لیا سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے یہاں منعقدہ ایک تقریب میں جسٹس منموہن کو حلف دلایا جسٹس منموہن کے حلف لینے کے ساتھ ہی سپریم کورٹ میں ججوں کی کل مقررہ تعداد 34 کے مقابلے 33 ہو گئی اس موقع پر عدالت عظمیٰ کے دیگر ججوں کے علاوہ کئی سینئر وکلاء اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
جسٹس کھنہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے کالجیم نے نومبر میں جسٹس منموہن کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی تھی۔ اس کے بعد، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی رضامندی کے بعد، 3 دسمبر کو، مرکزی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے جسٹس منموہن کی سپریم کورٹ میں بطور جج تقرری کا اعلان کیا۔
جسٹس منموہن کو 13 مارچ 2008 کو دہلی ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا اور وہ 29 ستمبر 2024 سے اس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سپریم کورٹ کے چار سینئر ترین ججوں کے کالجیم کی سفارش کے بعد، ان کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ جسٹس منموہن ہائی کورٹ کے ججوں کی مشترکہ کل ہند سنیارٹی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس کے ساتھ وہ دہلی ہائی کورٹ میں سب سے سینئر ہیں۔
جسٹس منموہن کا انتخاب کرتے وقت، کالجیم نے یہ بھی نوٹ کیا تھا کہ سپریم کورٹ میں دہلی ہائی کورٹ کی نمائندگی صرف ایک جج کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کھنہ کا تعلق دہلی ہائی کورٹ سے ہے۔
جسٹس منموہن سابق مرکزی وزیر اور جموں و کشمیر کے گورنر جگ موہن کے بیٹے ہیں۔ وہ 17 دسمبر 1962 کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی اسکول کی تعلیم ماڈرن اسکول، بارکھمبا روڈ، دہلی سے کی۔ انہوں نے ہندو کالج، دہلی یونیورسٹی سے تاریخ میں بی اے (آنرز) کی ڈگری حاصل کی اور 1987 میں دہلی یونیورسٹی کے کیمپس لاء سینٹر سے وکالت (ایل ایل بی) کی تعلیم مکمل کی۔ وہ اسی سال دہلی بار کونسل میں بطور وکیل نامزد ہوئے۔
انہوں نے بنیادی طور پر سپریم کورٹ آف انڈیا اور دہلی ہائی کورٹ میں سول، فوجداری، آئینی، ٹیکسیشن، ثالثی، ٹریڈ مارک اور سروس قانونی چارہ جوئی میں وکالت کی۔ انہیں دہلی ہائی کورٹ نے 18 جنوری 2003 کو سینئر وکیل کے طور پر نامزد کیا تھا۔