کیجریوال نے مرکزی حکومت پر دہلی کی جاٹ برادری کو دھوکہ دینے کا لگایا الزام
حکومت نے او بی سی ریزرویشن کے نام پر جاٹ برادری کو 10 سال سے دھوکہ دیا ہے۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت پر دہلی کی جاٹ برادری کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار وعدوں کے باوجود جاٹ برادری کو مرکز کی او بی سی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے، جس سے انہیں تعلیم اور نوکریوں میں فوائد نہیں مل رہے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ دہلی کی جاٹ برادری دہلی کے اندر او بی سی کے تحت آتی ہے لیکن مرکزکی فہرست میں یہ او بی سی کے تحت نہیں آتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے کئی مواقع پر دہلی کی جاٹ برادری کو مرکز کی او بی سی فہرست میں شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے، لیکن ابھی تک اسے پورا نہیں کیا گیا۔
حکومت نے او بی سی ریزرویشن کے نام پر جاٹ برادری کو 10 سال سے دھوکہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز کی او بی سی فہرست میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے دہلی کی جاٹ برادری کے ہزاروں بچوں کو دہلی یونیورسٹی میں داخلہ کے وقت ریزرویشن نہیں ملتا ہے، وہیں راجستھان سے آنے والی جاٹ برادری کو او بی سی ریزرویشن ملتا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے میں کل وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر دہلی کی جاٹ برادری کو او بی سی میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کی جاٹ برادری کو مرکز کی او بی سی فہرست میں شامل کرنے کے لیے جو بھی جدوجہد کرنی پڑی، وہ کریں گے۔