دہلی

کجریوال نئے بنگلہ میں منتقل ہوجائیں گے (ویڈیو)

عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال جمعہ کے روز لٹینس دہلی میں فیروزشاہ روڈ پر بنگلہ نمبر 5 میں منتقل ہوجائیں گے۔

نئی دہلی(پی ٹی آئی) عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال جمعہ کے روز لٹینس دہلی میں فیروزشاہ روڈ پر بنگلہ نمبر 5 میں منتقل ہوجائیں گے۔

چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے کئی دن بعد وہ اس بنگلہ میں منتقل ہوں گے جو عام آدمی پارٹی کے ہیڈکوارٹرس کے قریب واقع ہے۔ یہ بنگلہ دراصل پارٹی کے رکن راجیہ سبھا اشوک متل کو الاٹ کیا گیا تھا۔ قبل ازیں دن میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ‘ راجندرپرساد روڈ پر واقع بنگلہ میں منتقل ہوئے۔

یہ مکان عام آدمی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا ہربھجن سنگھ کی سرکاری قیام گاہ ہے۔ عاپ لیڈر سوربھ بھاردواج نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کجریوال جمعہ کے روز پنجاب کے عاپ رکن پارلیمنٹ اشوک متل کی سرکاری قیام گاہ میں منتقل ہوجائیں گے۔

کئی پارٹی قائدین بشمول ارکان ِ پارلیمنٹ‘ ارکان ِ اسمبلی اور کونسلرس نے کجریوال کو اپنے مکانات کی پیشکش کی تھی جب انہوں نے شمالی دہلی کے سیول لائنس علاقہ میں 6 فلیگ اسٹاف روڈ پر واقع بنگلہ چھوڑدینے کا فیصلہ کیا تھا۔

پارٹی قائدین نے بتایا کہ نئی دہلی علاقہ میں رہتے ہوئے کجریوال دہلی اور دیگر ریاستوں میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم کی نگرانی بھی کریں گے۔

یہ علاقہ ان کے اسمبلی حلقہ سے بھی قریب ہے۔ تہاڑ جیل سے رہا ہونے کے بعد کجریوال نے چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوجانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سب کو حیرت زدہ کردیا تھا۔ انہوں نے اکسائز پالیسی اسکام سے متعلق کیس میں زائداز 5 ماہ تہاڑ جیل میں گزارے۔

a3w
a3w