ٹام کروس نے ہوائی جہاز سے چھلانگ لگاکر کیا پیرس اولمپکس کا اختتام: ویڈیو
ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کےاولمپک پرچم کے ساتھ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کے اسٹنٹ نے شائقین میں جوش بھر دیا۔
پیرس: لاس اینجلس میں 2028 میں ملنے کے وعدے کے ساتھ پیرس اولمپک گیمز 2024 کی اختتامی تقریب کا آغاز فرانسیسی تیراک لیون مارچنڈ نے اولمپک فلیم بجھاکر کیا اور آخر میں ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کےاولمپک پرچم کے ساتھ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کے اسٹنٹ نے شائقین میں جوش بھر دیا۔
اتوار کی رات دیر تقریباً 80 ہزار شائقین کی موجودگی میں اسٹیڈ ڈی فرانس اسٹیڈیم میں روایتی انداز میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریڈ ہاٹ چلی پیپرز کی موسیقی اور رنگ برنگی روشنیوں، آتش بازی، آرٹ اور رقص کے ساتھ اختتامی تقریب مکمل ہوئی۔ تقریب میں لاس اینجلس کو 2028 کے اگلے اولمپکس کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی۔
گزشتہ دو ہفتوں سے سخت محنت کرنے والے کھلاڑیوں نے اپنے اپنے ممالک کی پریڈ میں حصہ لیا۔ ہندوستانی دستے کی قیادت منو بھاکر اور پی آر سریجیش نے کی۔
’وال آف انڈیا‘ کے نام سے مشہور سریجیش نے ان کھیلوں میں ہندوستان کے لئے کانسی کا تمغہ جیتنے کے ساتھ ہی ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ ہندوستان نے کانسی کے تمغے کے مقابلے میں اسپین کے خلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی جس میں اسپین کی کئی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے سریجیش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ کے خلاف کوارٹر فائنل شوٹ آؤٹ میں 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہی ہندوستانی ٹیم کو میچ میں بنے رہنے میں مدد کی۔
منو بھاکر نے کھیلوں کے ایک ہی ایڈیشن میں دو تمغے جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کی۔
انہوں نے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا اور بعد میں سربجوت سنگھ کے ساتھ 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ایک اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
ہندوستانی دستے نے پیرس اولمپک کھیلوں میں ایک چاندی اور پانچ کانسی کے تمغوں سمیت کل چھ تمغے جیتے تھے۔
اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ اور پیرس 2024 اولمپک کمیٹی کے سربراہ ٹونی ایسٹانگوئٹ نے تقاریر کیں۔ کے فینکس اور کیونسکی نے اپنی شاندار پرفارمنس سے سامعین کو مسحور کردیا۔
ٹام کروز، اسنوپ ڈاگ، ڈاکٹر ڈرے، بلی ایلیش، ریڈ ہاٹ چلی پیپر اور ایچ ای آر نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کی ذمہ داری سونپنے کے بعد اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ اگلے اولمپکس کے لیے ہماری توقعات مزید بڑھ گئیں۔ لاس اینجلس تیسری بار اولمپک گیمز کی میزبانی کرے گا اور سال 2028 میں اپنی چمک دکھائے گا۔
اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ نے ایتھلیٹوں اور فرانسیسی تیراک لیون مارچنڈ کے ساتھ مل کر اولمپک فلیم بجھائی اور 33ویں سمر اولمپک گیمز کا باضابطہ طور پر اختتام کیا۔