کیرالا کانگریس قائدین‘ نرسری کے بچے نہیں ہیں: تھرور
تھرور نے یہ بھی کہا کہ انہیں کانگریس کے کسی بھی قائد سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور آج صبح ہی صدر پردیش کانگریس کے سدھاکرن سے ان کی بات ہوئی ہے۔
ترواننت پورم: کانگریس کے سینئر قائد ششی تھرور نے اتوار کے دن کہا کہ کیرالا میں پارٹی قائدین نرسری کے بچے نہیں ہیں جو آپس میں بات نہیں کرسکتے۔ وہ میڈیا نمائندوں کے اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا قائد اپوزیشن وی ڈی ستیشن اور دیگر قائدین سے ان کی بات چیت ہورہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں کانگریس کے کسی بھی قائد سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور آج صبح ہی صدر پردیش کانگریس کے سدھاکرن سے ان کی بات ہوئی ہے۔ ششی تھرور آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس کے ایک روزہ کانکلیو میں شرکت کے لئے کوچی آئے ہوئے تھے۔
انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاست کیرالا سنگین مالی بحران میں ہے۔ وہ قرض میں ڈوبی ہوئی ہے۔ انہوں نے پروفیشنلس سے کہا کہ وہ سیاست میں زیادہ سرگرم ہوں۔ سیاست میں ان کا داخلہ تقاضہ ئ وقت ہے۔
ششی تھرور ے شمالی کیرالا کے اپنے 4 روزہ دورہ میں انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے سرکردہ رہنما صادق علی شہات تھنگل اور پارٹی کے رکن اسمبلی پی کے کنہالی کٹی سے ملاقات کی تھی۔ مسلم لیگیوں سے ان کی یہ ملاقات صدر پردیش کانگریس کے سدھاکرن اور قائد اپوزیشن کیرالا وی ڈی ستیشن کو ناگوار گزری تھی۔