حیدرآباد

یوم آزادی حیدرآباد کی تقاریب کا امیت شاہ افتتاح کریں گے: کشن ریڈی

کشن ریڈی نے کہاکہ مسلسل جدوجہد اور قربانیاں 13ماہ تک جاری رہیں جس کے بعد نظام سے بالاخر حیدرآباد کو آزادی ملی اور حیدرآباد ہندوستان میں ضم ہوگیا۔ہزاروں افراد نے اس مقصد کے لئے جان کی قربانی دی۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ تلنگانہ میں سال بھر چلنے والی یوم آزادی حیدرآباد کی تقاریب کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہاکہ 15اگست کو ملک کی آزادی کا جشن منایاجاتا ہے ہمیں چاہئے کہ برطانوی حکمرانوں سے حیدرآباد کی آزادی کی تقریب بھی منائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو انگریزوں سے 15اگست1947کو آزادی ملی تاہم حیدرآباد کو اُس وقت آزادی نہیں ملی۔مسلسل جدوجہد اور قربانیاں 13ماہ تک جاری رہیں جس کے بعد نظام سے بالاخر حیدرآباد کو آزادی ملی اور حیدرآباد ہندوستان میں ضم ہوگیا۔ہزاروں افراد نے اس مقصد کے لئے جان کی قربانی دی۔

مرکزی وزیر نے حیدرآباد کی آزادی میں سردار پٹیل کے رول کی بھی ستائش کی۔انہوں نے کہاکہ ملک کے مرد آہن سردارپٹیل نے حیدرآباد کی آزادی میں اہم رول ادا کیا۔ان کی کوششوں کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ آزادی کے دوران فوج اور نظام حکومت نے کئی مظالم ڈھائے۔

انہوں نے کہاکہ مودی اور آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت سال بھر یہ تقاریب منعقد کی جائیں گی۔حیدرآباد کی آزادی کے بعد سے 17ستمبر کو کوئی بھی تقریب نہیں منائی جاتی تھیں تاہم اب مودی کی قیادت میں آزادی کاامرت مہوتسو تقریب ریاست میں منائی جائے گی۔

وزیرداخلہ امیت شاہ اس تقریب کی صدارت کریں گے۔تلنگانہ، مہاراشٹر اور کرناٹک کے وزرائے اعلی کو اس تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کیاجائے گا۔