کھنڈوا میں 300 سالہ قدیم مزا ر کا تاریکی میں انہدام
مدھیہ پردیش کے کھنڈوا میں حضرت قاسم شاہ ولی کے تقریباً 300 سالہ قدیم مزار کو منگل کی رات بھاری پولیس بندوبست میں بلڈوزر سے منہدم کردیا گیا۔
کھنڈوا (مدھیہ پردیش) مدھیہ پردیش کے کھنڈوا میں حضرت قاسم شاہ ولی کے تقریباً 300 سالہ قدیم مزار کو منگل کی رات بھاری پولیس بندوبست میں بلڈوزر سے منہدم کردیا گیا۔ دن میں مقامی باشندوں اور سٹی قاضی کی سخت مخالفت کے بعد انتظامیہ نے کارروائی روک دی تھی، تاہم شام ڈھلنے کے بعد مقامی لوگوں کی غیر موجودگی میں دوبارہ پہنچ کر مزار اور اس سے متصل دیوار کو منہدم کردیا گیا۔
مزار من سنگھ آئل مل چوراہے پر واقع تھا۔ انتظامیہ کا دعویٰ تھا کہ اس کا کچھ حصہ مجوزہ سڑک کی حدود میں آتا ہے اور ماسٹر پلان کے تحت سڑک کی توسیع کے لیے اسے ہٹانا ضروری ہے۔ منصوبے میں مزار کے تقریباً 8 سے 10 فٹ حصے کو سڑک کی مجوزہ حدود میں شامل بتایا گیا تھا۔
دن میں جب انتظامی ٹیم انہدام کے لیے پہنچی تو سٹی قاضی سید نثار علی اور سینکڑوں مقامی باشندوں نے کارروائی کی مخالفت کی۔ انہوں نے سٹی مجسٹریٹ بجرنگ بہادر سے انہدام کا تحریری حکم اور سڑک کی توسیع کا نقشہ طلب کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ متعلقہ دستاویزات دکھائے بغیر کارروائی نہ کی جائے۔
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر سڑک کی توسیع سے متصل من سنگھ آئل مل کی باؤنڈری وال بھی متاثر ہورہی ہے تو مل انتظامیہ کو نوٹس کیوں نہیں دیا گیا۔مقامی باشندوں کے مطابق مزار تقریباً تین صدیوں سے اسی مقام پر موجود ہے۔ شہر کی توسیع کے ساتھ اس کے اطراف سڑکیں اور آبادیاں وجود میں آئیں۔
دن میں احتجاج اور انتظامیہ سے تلخ کلامی کے بعد ٹیم واپس چلی گئی تھی، جس سے لوگوں کو کارروائی رکنے کی امید پیدا ہوئی، لیکن رات کے اندھیرے میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ بلڈوزر دوبارہ پہنچ گیا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی انتظامیہ کے اقدام پر تنقید کی گئی۔ صارفین نے قدیم مذہبی عمارتوں کے انہدام اور تجاوزات کے خلاف کارروائی میں یکساں قانونی معیار اپنانے کا مطالبہ کیا۔ بعض نے سوال اٹھایا کہ جب مزار کے تاریخی وجود اور دستاویزات کا معاملہ اٹھایا گیا تھا تو انتظامیہ نے رات کے وقت انہدام کیوں کیا۔