تلنگانہ

کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی

صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے جنم باٹا پروگرام کے سلسلے میں کوہ مولا علی کا دورہ کیا اور عقیدت و احترام کے ساتھ سہرا مبارک پیش کیا۔ منتظمین نے کویتا کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ خادمین نے انہیں اپنی مشکلات اور انتظامی و ترقیاتی امور سے آگاہ کیا۔

حیدرآباد: صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے جنم باٹا پروگرام کے سلسلے میں کوہ مولا علی کا دورہ کیا اور عقیدت و احترام کے ساتھ سہرا مبارک پیش کیا۔ منتظمین نے کویتا کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ خادمین نے انہیں اپنی مشکلات اور انتظامی و ترقیاتی امور سے آگاہ کیا۔

متعلقہ خبریں
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا
فیوچر سٹی کے نام پر ریئل اسٹیٹ دھوکہ، HILT پالیسی کی منسوخی تک جدوجہد جاری رہے گی: بی آر ایس
گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں ’’نومبر کی عظیم شخصیات‘‘ کے پانچ روزہ جشن کا شاندار اختتام، انعامی تقریب کا انعقاد
لوکل باڈیز انتخابات کے سلسلے میں کانگریس قائد عثمان بن محمد الہاجری کا اہم دورہ
کاماریڈی میں ریل روکو احتجاج — کویتا کی گرفتاری، بی سی ریزرویشن پر بی جے پی کو سخت پیغام

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کویتا نے خادمین کو درپیش سنگین مسائل اور کوہ مولا علی میں جاری ترقیاتی کاموں کی غیر معمولی سست روی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کے گیارہ خدام شدید ذہنی و معاشی دباؤ میں ہیں، کیونکہ وقف بورڈ پچھلے سات سالوں سے ہر ماہ ان کی تنخواہ سے پانچ سو روپے کاٹ رہا ہے، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ان کے نام پر زمین لیز پر الاٹ کی گئی ہے، جبکہ حقیقت میں کسی بھی خادم کو زمین فراہم نہیں کی گئی۔

کویتا نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے ریمپ کی تعمیر جاری ہے، لیکن سست رفتاری کے باعث زائرین اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے پہاڑ سے حاصل کیے گئے پتھروں کی منتقلی اور استعمال میں شفافیت کے فقدان پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ اس حوالے سے کوئی تفصیلی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے داخلی گنبد کی خستہ حال چھت پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سالانہ تقریب قریب ہے، اس صورتحال میں یہ نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ سے مطالبہ کیا کہ تمام مرمتی اور ترقیاتی کام فوری اور موثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔

کویتا نے یہ بھی کہا کہ خدام برقی بل اپنی جیب سے ادا کر رہے ہیں، جو ناانصافی اور مذہبی تقدس کے خلاف ہے۔ آخر میں انہوں نے تلنگانہ حکومت اور صدرنشین وقف بورڈ سے پر زور مطالبہ کیا کہ کوہ مولا علی کے خادمین کے مسائل، ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولتوں کا فوری جائزہ لیا جائے تاکہ لاکھوں عقیدت مندوں کے روحانی جذبات کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔