’فیوچر سٹی‘ میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے فرانسیسی وفد سے تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی کی خواہش
وزیرا نفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے فرانسیسی کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کے اہم پراجکٹ’فیوچر سٹی‘ میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کریں۔ یہ پراجکٹ 30,000 ایکڑ پر محیط ایک عالمی اختراعی مرکز ہوگا جو خانگی عوامی شراکت داری ماڈل کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔

حیدرآباد: انڈو-فرنچ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آیی ایف سی سی آئی ) کے زیر اہتمام ایک اعلیٰ سطحی گول میز اجلاس منعقد ہوا جس میں تلنگانہ حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں اور ممتاز فرانسیسی کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، صاف توانائی اور مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرا نفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے فرانسیسی کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کے اہم پراجکٹ’فیوچر سٹی‘ میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کریں۔ یہ پراجکٹ 30,000 ایکڑ پر محیط ایک عالمی اختراعی مرکز ہوگا جو خانگی عوامی شراکت داری ماڈل کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پراجکٹ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے ویژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد تلنگانہ کو اختراع، پائیداری اور جدید انفراسٹرکچر کے میدان میں عالمی قیادت دلانا ہے۔
وزیرموصوف نے بتایا کہ گزشتہ 18 مہینوں میں ریاست نے 3 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔ صرف گزشتہ سال، حیدرآباد میں 70 نئے گلوبل کیپیبلٹی سنٹرس قائم ہوئے، جو ریاست کی کاروبار دوست پالیسیوں اور حکمرانی کے ماڈل کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی صنعتی منظوری نظام ٹی جی-آئی پاس میں مصنوعی ذہانت کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ منظوریوں میں شفافیت اور رفتار میں اضافہ کیا جا سکے۔
وزیرموصوف نے فرانسیسی کمپنیوں کو ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے صاف توانائی، اسمارٹ ہیلت کیر، ڈیجیٹل گورننس، جدید تعلیم، پائیدار مینوفیکچرنگ، زرعی اختراعات اور ابھرتی ہوئی ٹکنالوجیز میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا تعاون صرف سرمایہ کاری تک محدود نہیں بلکہ ایک پائیدار اور ٹکنالوجی سے بھرپور مستقبل کی مشترکہ تخلیق کا عزم ہے۔
فرانسیسی وفد میں مونن انڈیا، اوپیلا ہیلت کیئر، سفران ایئرکرافٹ انجن سروسز انڈیا، سانوفی انڈیا، ٹیلی پرفارمنس، زیگلر ایرو اسپیس، اور وار الیکٹروکیم پرائیویٹ لمیٹڈ جیسے اداروں کے اعلیٰ نمائندے شامل تھے۔
تلنگانہ حکومت نے ہند-فرانس اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور ہموار سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنی مکمل وابستگی کا اعادہ کیا۔