کولگام انکاؤنٹر: تیسرے دن بھی شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری
حکام نے بتایا کہ فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی طرف سے آپریشن جاری ہے اور طرفین کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے محاصرے کو مزید سخت کر دیا ہے تاکہ وہاں چھپے دہشت گردوں کو مار گرایا جا سکے۔

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے اکھال جنگلاتی علاقے میں انسداد ملی ٹنسی آپریشن اتوار کو تیسرے روز بھی جاری ہے اور اس دوران سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ اکھال جنگلاتی علاقے میں جمعہ کی شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان انکاؤنٹر شروع ہوا تھا جس میں اب تک 2 ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ ایک جوان زخمی ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی طرف سے آپریشن جاری ہے اور طرفین کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے محاصرے کو مزید سخت کر دیا ہے تاکہ وہاں چھپے دہشت گردوں کو مار گرایا جا سکے۔
ایک سینئر سیکورٹی افسر نے بتایا: ‘جنگلاتی علاقے میں رات بھر شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے اور آپریشن جاری ہے’۔انہوں نے کہا: ‘محاصرے کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ وہاں چھپے کسی بھی دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے’۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ آپریشن طویل ہونے کا امکان ہے’۔
ادھر سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران علاقے میں خیمہ زن ہیں اور آپریشن کی باریک بینی سے نگرانی کر رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ یہ کشمیر میں ایک ہفتے میں ہونے والا دوسرا انکائونٹر ہے۔
قبل ازیں 28 جولائی کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ داچھی جنگلاتی علاقے میں ایک انکائونٹر کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ 3 پاکستانی دہشت گرد مارے گئے تھے۔