دہلی

لالوپرساد یادو کی دختر‘ والد کو گردہ کا عطیہ دیں گی

آر جے ڈی صدر جو مختلف مسائل ِ صحت میں مبتلا ہیں‘ انہیں گردہ کی پیوندکاری کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ان کی دختر روہنی آچاریہ جو سنگاپور میں مقیم ہیں‘ اپنے والد کو نئی زندگی دینے کے لئے آگے آئی ہیں۔

نئی دہلی: راشٹریہ جنتادل(آر جے ڈی) کے علیل بانی لالو پرساد یادو کی سنگاپور میں مقیم دختر اپنے والد کو گردہ کا عطیہ دیں گی۔ ایک قریبی رکن خاندان نے یہ بات بتائی۔ 74 سالہ لالو یادو گزشتہ ماہ سنگاپور سے واپس ہوئے جہاں وہ اپنے گردہ کے عارضہ کے علاج کے لئے گئے تھے۔

آر جے ڈی صدر جو مختلف مسائل ِ صحت میں مبتلا ہیں‘ انہیں گردہ کی پیوندکاری کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ان کی دختر روہنی آچاریہ جو سنگاپور میں مقیم ہیں‘ اپنے والد کو نئی زندگی دینے کے لئے آگے آئی ہیں۔ ایک رکن خاندان نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔

 یادو جو فی الحال دہلی میں ہیں‘ ضمانت پر ہیں۔ چارہ اسکام سے متعلق کیسس میں انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا اور وہ کئی مرتبہ علاج کے لئے دہلی اور رانچی کے ہاسپٹلس میں شریک رہے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گردہ کی پیوندکاری کا آپریشن کب اور کہاں کیا جائے گا۔

 ایمس کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں اس معاملہ کا علم نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے لالو یادو کا ایمس میں علاج کیا گیا تھا۔ ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر کسی اور ملک میں پیوندکاری ہوتی ہو تو ایمس سے کوئی اجازت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔

a3w
a3w