دہلی

ڈرون شعبے میں روس اور ہندوستان کے درمیان تعاون کی راہ ہموار

روسی وزیر نے کہا کہ روس ایئر اسپیس کنٹرول سسٹمز تیار کر رہا ہے جو آنے والے دنوں میں بغیر پائلٹ والے فضائی ٹرانسپورٹ کے انتظام کی بنیاد بنیں گے


نئی دہلی :   روس کے وزیرِ صنعت و تجارت اینٹون علیخانوف نے کہا ہے کہ روس بغیر پائلٹ والے ٹرانسپورٹ سسٹم (ڈرون) کے شعبے میں ہندوستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہےاینٹون علیخانوف نے جمعرات کے روز قومی دارالحکومت میں ایک صنعتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "ہم بغیر پائلٹ والے ٹرانسپورٹ سسٹمز کے شعبے میں تعاون پر غور کرنے کی تجویز پیش کرتے ہیں۔ یہ شعبہ ہمارے ملک میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ نئے حل صنعت، توانائی، زراعت، فضائی فوٹوگرافی و نقشہ سازی، اور مال برداری میں بڑے پیمانے پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔”

روسی وزیر نے کہا کہ روس ایئر اسپیس کنٹرول سسٹمز تیار کر رہا ہے جو آنے والے دنوں میں بغیر پائلٹ والے فضائی ٹرانسپورٹ کے انتظام کی بنیاد بنیں گے۔ انوپروم انڈیا کی پہلی بین الاقوامی صنعتی نمائش بدھ کے روز نئی دہلی میں 18ویں برکس سربراہ اجلاس سے پہلے شروع ہوئی۔ تین روزہ اس تقریب میں روس اور ہندوستان کی 120 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔