قومی

سی جے پی کے پارلیمنٹ چلو مارچ کو ناکام بنانے لاٹھی چارج

وسطی دہلی میں پیر کے دن ہزاروں نوجوان اور برہم لوگ جمع ہوئے۔ پولیس نے انہیں پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے سے روکنے کے لئے لاٹھی چارج کردیا اور آنسوگیس شل برسائے۔

نئی دہلی(پی ٹی آئی) وسطی دہلی میں پیر کے دن ہزاروں نوجوان اور برہم لوگ جمع ہوئے۔ پولیس نے انہیں پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے سے روکنے کے لئے لاٹھی چارج کردیا اور آنسوگیس شل برسائے۔ وسطی دہلی کے کئی علاقوں بند ہوکر رہ گئے تھے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دِپکے کو پولیس نے پکڑلیا۔

تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ پولیس نے پرامن احتجاجیوں کو بری طرح مارا پیٹا۔ بعض احتجاجی اسکول یونیفارم میں تھے۔ وہ چھوٹی گلیوں سے گزرکر پارلیمنٹ کے قریب پہنچنے کی کوشش کررہے تھے۔ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی ہونے کے باوجود انہوں نے کئی کیلو میٹر پیدل سفر طئے کیا۔ چند کیلو میٹر دور صفدر جنگ ہاسپٹل میں سونم وانگ چک شریک علاج ہیں۔

انہوں نے دواخانہ کے سپرنٹنڈنٹ سے گزارش کی کہ انہیں تھوڑی دیر کے لئے سی جے پی کے سنسد چلو مارچ میں حصہ لینے دیا جائے۔ ان کی صحت اچھی ہے۔ وسطی دہلی میں افراتفری مچی تھی۔ کانسٹی ٹیوشن کلب‘ پٹیل چوک‘ شاستری بھون‘ آر بی آئی بلڈنگ اور پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے قریب پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس شل برسائے۔

کئی حصوں میں انٹرنیٹ بند کردیا گیا تھا۔ آج پارلیمنٹ اجلاس کا پہلا دن تھا۔ مظاہرین نیٹ پیپر لیک معاملہ میں مرکزی وزیر کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ نیم فوجی فورسس کی کئی کمپنیاں ریزرو رکھی گئی تھیں۔ مظاہرین قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔ ابھیجیت دپکے کو پکڑ کر دواخانہ منتقل کردیا گیا۔

احتجاجیوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے مودی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔ اسی دوران دہلی پولیس نے کہا ہے کہ اس کے 50 ملازمین سی جے پی مظاہرین سے جھڑپوں میں زخمی ہوئے۔ انہیں دواخانہ لے جایا گیا۔ اس نے سوشل میڈیا کی ان خبروں کی تردید کی کہ ابھیجیت کو حراست میں لیا گیا۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی کو ملک کی تاریخ میں نوجوانوں کا انتہائی مخالف پردھان منتری قراردیا۔

انہوں نے نوجوانوں کے خلاف پولیس کارروائی پر حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 152 پیپر لیک ہوئے۔ کسی ایک کو بھی جواب دہ نہیں ٹھہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی سڑکوں پر چلنے والے لڑکے اور لڑکیاں مجرم نہیں ہیں۔ وہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ وہ ایسا نظام ِ تعلیم چاہتے ہیں جو اُن کی قدر کرے‘ جو منصفانہ ہو۔ ان کے ایسا کرنے میں کوئی برائی نہیں۔ پولیس لاٹھی چارج جمہوری نہیں ہے۔ یہ ہندوستان کی روش نہیں ہے۔ طلبا کے مطالبات جائز ہیں۔

وزیراعظم کو ان مطالبات کو مان لینا چاہئے۔ ملک میں ہر کوئی نظام ِ تعلیم سے تنگ آچکا ہے۔ آر ایس ایس نے اس پر قبضہ کرلیا ہے۔ ایک تنظیم انہیں چلارہی ہے۔ نوجوانوں کا ردعمل فطری ہے۔ وہ یہ مسئلہ ہفتوں یا مہینوں سے نہیں اٹھارہے ہیں بلکہ یہ کئی سال کا بنیادی مسئلہ ہے۔ مودی حکومت کو اس ملک کے نوجوانوں کی پرواہ نہیں۔ وہ جھوٹ اور ہنسا پر وشواس رکھتی ہے جو مخالف ہند اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائز مطالبہ کرنے والے بچوں کو ماراپیٹا جارہا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ملک میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔