زندہ خاتون ریکارڈ میں مردہ، وظیفہ سے محرومی پر خودسوزی کی دھمکی
خاتون نے اپنی شکایت گرام سبھا کے اجلاس میں کرتے ہوئے اس کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا بصورت دیگر اس نے اپنے ساتھ لائے کیروسین کے ڈبہ سے تیل ڈال کر خودسوزی کی دھمکی دی۔
حیدرآباد: زندہ خاتون کو ریکارڈ میں مردہ ظاہر کرنے پر ایک بیوہ، خواتین کو دیئے جانے والے وظیفہ سے محروم ہوگئی اور اسے وظیفہ کے لئے باربار سرکاری دفتر کے چکر لگانے پڑرہے ہیں۔
بالاخر خاتون نے اپنی شکایت گرام سبھا کے اجلاس میں کرتے ہوئے اس کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا بصورت دیگر اس نے اپنے ساتھ لائے کیروسین کے ڈبہ سے تیل ڈال کر خودسوزی کی دھمکی دی۔
یہ واقعہ تلنگانہ کے شمس آباد رورل علاقہ میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق مانیماں نامی 48 سالہ خاتون کے شوہر کی 2018میں موت ہوگئی تھی جس کے بعد اس خاتون نے وظیفہ بیوگان کے لئے درخواست دی۔
پنچایت کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں کئی بار نمائندگی کی اور سرکاری دفتر کے چکر لگانے کے باوجود اس کو منظورہ وظیفہ کی رقم جاری نہیں کی گئی۔
ایک دن عہدیداروں نے اس کو بتایا کہ وہ بھی مردہ کے طورپر رجسٹرڈ ہے اسی لئے اس کو وظیفہ کی رقم جاری نہیں کی جارہی ہے۔
اس خاتون نے گرام سبھا کے اجلاس میں کہا کہ اگرو ہ مردہ ہے تو پھر اس کو ہرماہ راشن کس طرح مل رہا ہے؟ اس خاتون نے کہا کہ دسمبر 2018 میں اس کا وظیفہ منظور کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں وظیفہ روک دیا گیا۔
اس پر راج کماری جونیر پنچایت سکریٹری مُنچتل نے کہا کہ خاتون کے نام پر وظیفہ جاری کیا جائے۔ اس کی آن لائن کارروائی بھی مکمل کرلی گئی ہے۔