آندھراپردیش

لوکیش نے ہونڈائی کی جہاز سازی کی شاخ کو آندھرا پردیش میں مینوفیکچرنگ انڈسٹری قائم کرنے کی دی دعوت

انہوں نے ریاست کی تقریباً 1000 کلومیٹر لمبی ساحلی پٹی، ہندوستان کے مشرقی ساحل پر اسٹریٹجک پوزیشن، موجودہ وقت میں فعال اور مستقبل میں بنائی جانے والی گہرے پانی کی بندرگاہوں، عالمی معیار کے ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج سسٹم کے بنیادی ڈھانچے، مسابقتی صنعتی ایکو سستم اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حکومت کے 'کاروبار کرنے کی رفتار' کے اصول کے بارے میں بھی بتایا۔

وجے واڑہ: جنوبی کوریا کے سرمایہ کاری دورے پر گئے آندھرا پردیش کے تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور الیکٹرانکس کے وزیر نارا لوکیش نے جمعہ کو وہاں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ آندھرا پردیش کے سمندری اور جہاز سازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔


وزیر موصوف کے دفتر کی جانب سے جمعہ کو یہاں جاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر لوکیش نے سیول میں ‘ایچ ڈی کوریا جہاز سازی اور آف شور انجینئرنگ’ (ایچ ڈی کے او ایس ای) کے عالمی تجارتی ڈائریکٹر کوون ینگہون اور ٹیم لیڈر ہونگ سنجون کے ساتھ میٹنگ کی۔

اس دوران انہوں نے عالمی معیار کی جہاز سازی اور سمندری انجینئرنگ کی سہولیات قائم کرنے کے لیے آندھرا پردیش کے منفرد فوائد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ریاست کی تقریباً 1000 کلومیٹر لمبی ساحلی پٹی، ہندوستان کے مشرقی ساحل پر اسٹریٹجک پوزیشن، موجودہ وقت میں فعال اور مستقبل میں بنائی جانے والی گہرے پانی کی بندرگاہوں، عالمی معیار کے ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج سسٹم کے بنیادی ڈھانچے، مسابقتی صنعتی ایکو سستم اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حکومت کے ‘کاروبار کرنے کی رفتار’ کے اصول کے بارے میں بھی بتایا۔


مسٹر لوکیش نے کیا موٹرز، اس کے سپلائر ایکو سسٹم اور ایل جی الیکٹرانکس جیسی کوریائی کمپنیوں کے کامیاب تجربات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش نے ریکارڈ وقت میں بڑے صنعتی پروجیکٹوں کو پورا کرنے کی اپنی صلاحیت کو مسلسل ثابت کیا ہے۔

انہوں نے بڑی سرمایہ کاری کے لیے حال ہی میں آندھرا پردیش کا انتخاب کرنے والی کمپنیوں کے بارے میں بتایا اور گوگل ڈیٹا سینٹر، آرسیلر متل انٹیگریٹڈ اسٹیل پلانٹ اور لڑاکا طیارہ مینوفیکچرنگ پروجیکٹ کا ذکر بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آنے والی کل سرمایہ کاری کا تقریباً 25 فیصد آندھرا پردیش کے پاس آیا ہے اور اس سے یہ ریاست ملک کے اہم سرمایہ کاری کے مراکز میں سے ایک بن گئی ہے۔

انہوں نے ایچ ڈی کے او ایس ای کو عالمی معیار کی جہاز سازی اور سمندری انجینئرنگ کی سہولت قائم کرنے کے لیے آندھرا پردیش کے مختلف ممکنہ مقامات کی جامع جانچ کے ساتھ ہی ایچ ڈی کے او ایس ای کی قیادت کو وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو سے ملنے کے لیے بھی دعوت دی۔