حیدرآباد
مہاراشٹرا کے نتائج عوام کی جانب سے تقسیم کی سیاست کو مسترد کرنے کا ثبوت:کشن ریڈی
کشن ریڈی نے حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے کانگریس کی جھوٹی مہم کے باوجود این ڈی اے اتحاد اور نریندر مودی کی قیادت پر اعتماد کااظہار کیا ہے۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر کوئلہ و تلنگانہ بی جے پی کے صدر کشن ریڈی نے کہا ہے کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے نتائج عوام کی جانب سے تقسیم کی سیاست کو مسترد کرنے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے کانگریس کی جھوٹی مہم کے باوجود این ڈی اے اتحاد اور نریندر مودی کی قیادت پر اعتماد کااظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا اور گجرات ریاستوں کی تقسیم کے بعد پہلی مرتبہ عوام نے کسی سیاسی پارٹی یا اتحاد کو بھاری اکثریت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام نے ذات اور مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے کانگریس پارٹی کی کوششوں کو شکست دی ہے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں بی جے پی کے ووٹوں اور نشستوں میں بتدریج بہتری آئی ہے۔