خطرناک APK فائلز کے ذریعہ بڑا سائبر حملہ،تلنگانہ حکومت کے سرکاری گروپس ہیک، پولیس کا ہائی الرٹ جاری
تلنگانہ کے وزراء اور سی ایم او کے سرکاری واٹس ایپ گروپس ہیک ہونے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ریاستی سطح پر سائبر سیکیورٹی کو لے کر گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزراء اور سی ایم او کے سرکاری واٹس ایپ گروپس ہیک ہونے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ریاستی سطح پر سائبر سیکیورٹی کو لے کر گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سائبر نیرغالی ایس بی آئی KYC کے نام پر مشکوک APK فائلز شیئر کر رہے ہیں اور موصول کنندگان کو فوری آدھار اپڈیٹ کرنے کا جھانسہ دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزراء کے آفیشل گروپس کے ساتھ ساتھ چیف منسٹر آفس (CMO) گروپ، ڈپٹی چیف منسٹر گروپ اور میڈیا سے متعلق کئی اہم گروپس بھی ہیکنگ کی زد میں آئے ہیں۔
رپورٹس کا کہنا ہے کہ وزراء کے پی آر اوز اور متعدد صحافیوں کے موبائل فون بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یہ خبر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سائبر کرائم پولیس نے صورتحال پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور عوام، سرکاری ملازمین اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی نامعلوم یا غیر مصدقہ APK فائل کو نہ کھولیں، نہ کسی مشکوک لنک پر کلک کریں، اور ایسی کسی فائل کے ملتے ہی فوری ڈیلیٹ کر دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سائبر حملے کے ذریعے موبائل ڈیٹا، بینک اکاؤنٹس اور پرائیویٹ معلومات مکمل طور پر ہیک ہونے کا خطرہ ہے۔
ریاستی حکومت نے واقعہ کی تفصیلی جانچ کا حکم دے دیا ہے اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کے نظام کو مضبوط کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔