امریکہ و کینیڈا

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کو بڑا جھٹکا، سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار

اس سلسلے میں ایک میم ویڈیو خاصی وائرل ہورہی ہے، جس میں چند افراد صدر ٹرمپ کو اٹھا کر کچرے کے ڈبے میں ڈالتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایران ان انڈیا کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ سے بھی یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس کے بعد اس پر مزید تبصرے اور ردعمل سامنے آرہے ہیں۔

واشنگٹن: امریکی وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی ریپبلکن پارٹی کو بڑا سیاسی جھٹکا لگنے کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہوگئی ہے۔ انتخابی نتائج اور ریپبلکن پارٹی کی شکست کو لے کر صارفین نے صدر ٹرمپ کو اپنے طنز و تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اس سلسلے میں ایک میم ویڈیو خاصی وائرل ہورہی ہے، جس میں چند افراد صدر ٹرمپ کو اٹھا کر کچرے کے ڈبے میں ڈالتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایران ان انڈیا کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ سے بھی یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس کے بعد اس پر مزید تبصرے اور ردعمل سامنے آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ٹرمپ کے خلاف طنزیہ تصاویر اور ویڈیوز کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک وائرل تصویر میں مجسمۂ آزادی کے قریب لہراتے ہوئے امریکی پرچم پر ’’میک امریکہ ٹرمپ لیس اگین‘‘ یعنی امریکہ کو دوبارہ ٹرمپ سے پاک بناؤ کا نعرہ درج ہے۔ یہ نعرہ ٹرمپ کے مشہور انتخابی نعرے ’’میک امریکہ گریٹ اگین‘‘ کی طرز پر تیار کیا گیا ہے۔

ایک اور طنزیہ تصویر میں صدر ٹرمپ کو مجسمۂ آزادی سے غلیل کے ذریعے دور پھینکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اسی طرح ایک ویڈیو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کو سیڑھی سے پھسل کر نیچے اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ ان کی نقل کرنے کی کوشش میں ٹرمپ اپنا توازن کھو بیٹھتے ہیں اور سیدھے کچرے کے ڈبے میں جاگرتے ہیں۔ یہ تمام میمز انتخابی نتائج کے بعد سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔

امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج پر نظر ڈالیں تو ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر مقابلہ ہوا۔ ابتدائی انتخابی اعداد و شمار کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی 226 نشستوں پر آگے تھی، جبکہ ریپبلکن پارٹی 137 نشستوں پر برتری رکھتی تھی۔

سینیٹ کی 100 نشستوں میں سے 35 پر انتخابات ہوئے۔ دستیاب نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس نے 19 اور ریپبلکنز نے 12 نشستیں حاصل کیں، جبکہ چار نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری تھی۔ مجموعی طور پر ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس 53 اور ریپبلکن پارٹی کے پاس 43 نشستیں بتائی گئیں۔

گورنروں کے انتخابات میں بھی ڈیموکریٹک پارٹی نے برتری حاصل کی۔ 36 ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں 26 ریاستوں کے نتائج سامنے آنے تک ڈیموکریٹس نے 17 اور ریپبلکنز نے 9 نشستیں حاصل کی تھیں، جبکہ 10 ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری تھی۔

ان انتخابی نتائج کے بعد جہاں امریکی سیاست میں ٹرمپ کی مقبولیت اور ان کی قیادت پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے طنزیہ میمز نے بھی اس سیاسی صورتحال کو عالمی سطح پر موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔