ٹی جی ایس آر ٹی سی خاتون کنڈکٹر پرولیکا کی موت پر قتل کا مقدمہ درج، خاندان کو 1.10 کروڑ کی امداد
پونم پربھاکر نے ٹی جی ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر وائی ناگی ریڈی کے ہمراہ عثمانیہ جنرل اسپتال کے مردہ خانے پہنچ کر پرولیکا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی والدہ سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا ہے کہ ٹی جی ایس آر ٹی سی کی خاتون کنڈکٹر پرولیکا کی موت کے معاملے میں ملزمہ خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ اگر آر ٹی سی ملازمین کے خلاف کوئی شکایت ہو تو اسے اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں لایا جائے۔
پونم پربھاکر نے ٹی جی ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر وائی ناگی ریڈی کے ہمراہ عثمانیہ جنرل اسپتال کے مردہ خانے پہنچ کر پرولیکا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی والدہ سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کی۔
وزیر نے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی ہدایت پر متاثرہ خاندان کو مختلف امدادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
حکومت اور آر ٹی سی کی جانب سے خاندان کو مشترکہ طور پر 10 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ خاندان کو ایک اندراما مکان الاٹ کیا جائے گا اور پرولیکا کی والدہ کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے گی۔
وزیر نے مزید بتایا کہ آر ٹی سی کی ایک اسکیم کے تحت بینک کی جانب سے خاندان کو ایک کروڑ روپے کا حادثاتی بیمہ بھی دیا جائے گا۔ اس طرح خاندان کو مجموعی طور پر 1.10 کروڑ روپے کی مالی مدد حاصل ہوگی۔
پونم پربھاکر نے خاندان کو یقین دلایا کہ آر ٹی سی انتظامیہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے دوبارہ اپیل کی کہ آر ٹی سی ملازمین کے خلاف شکایات کی صورت میں قانونی طریقہ کار اختیار کریں۔