حیدرآباد

سماج کو نشہ سے پاک بنانے دردمند شہریوں، طلبا و اساتذہ کو آگے آنے کی تلقین: کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی

کلکٹر حیدرآباد جناب انودیپ درشٹی آئی اے ایس نے کہا کہ سماج  کو نشہ سے پاک بنانے میں سماج کے تمام درد مند عوام بالخصوص طلباء اور اساتذہ اپنا کلیدی رول اداکریں۔ ہمارا معاشرہ نشہ کی لعنت سے پاک ہوگا تو ہماری ہمہ جہت ترقی میں مزید تیز رفتاری آئے گی۔

حیدرآباد: کلکٹر حیدرآباد جناب انودیپ درشٹی آئی اے ایس نے کہا کہ سماج  کو نشہ سے پاک بنانے میں سماج کے تمام درد مند عوام بالخصوص طلباء اور اساتذہ اپنا کلیدی رول اداکریں۔ ہمارا معاشرہ نشہ کی لعنت سے پاک ہوگا تو ہماری ہمہ جہت ترقی میں مزید تیز رفتاری آئے گی۔

ضلع کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی نے پیر 12 اگست کو شہر کے گولکنڈہ منڈل کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اردو گولکنڈہ میں نشہ مُکت بھارت ابھیان (نشہ سے پاک ہندوستان) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور طلبا ء وطالبات اور اساتذہ کو حلف دلایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ساری ریاست تلنگانہ سے منشیات کے خاتمہ کے لئے بھر پور کوششیں کریں، ہماری مہم سے سماج میں ایک روشن اور تابناک دور آئے گا۔

اس موقع پر ضلع مہتمم تعلیمات حیدرآباد محترمہ آرروہنی، ڈپٹی ای او گولکنڈہ جناب رمناراجو، ڈپٹی آئی او ایس جناب محمد مقبول احمد، تحصیلدار گولکنڈہ محترمہ ڈی اہالیہ، ڈائریکٹرمحکمہ بہبودیٔ معذورین محترمہ شیلجہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرجناب راجندر، محترمہ ومشیکا (سنٹرل ٹیم) اور دیگر موجود تھے۔

تمام معززین کا صدر معلمہ محترمہ سنگوری مائتری کے علاوہ اساتذہ جناب سید یونس، محترمہ ام عائشہ، جناب احمد علی طیب، جناب اکرام الباقی، جناب رضوان علی، جناب ایس سریش، محترمہ انیس النساء، جناب محمد رفیع، محترمہ نجم النساء بیگم، جناب محمد آصف شریف، جناب گُرّم راجو، محترمہ کوثر سلطانہ، ڈاکٹر شفیق احمد، محترمہ فرحانہ بیگم، محترمہ سیدہ معراج النساء، جناب محمد کمال احمد، جناب محمد وقار الدین، جناب رحمت اللہ خان، جناب اشرف عالم خان اور جناب ایم اے رفیق نے کلکٹر جناب انودیپ درشٹی کی فکر انگیز نصیحتوں پر عمل کرنے کے لئے طلباء وطالبات پر زوردیا۔

کلکٹر حیدرآباد نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نشہ کی عادت سے جسمانی صحت بُری طرح متاثر ہوجاتی ہے۔ صحت پر کافی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بعض لوگ بالخصوص نوجوان  نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہیں اور بھیانک حادثہ سے دوچارہونے کے سبب اپنی قیمتی جان کھو دیتے ہیں اور دوسروں کی زندگی بھی خطرہ سے دوچار کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نشہ کی حالت میں انسان  خود اپنے آپ پر قابو نہیں رکھ سکتا جس کی وجہ سے وہ قتل جیسے سنگین اور ناقابل معافی جرم کا مرتکب بھی ہوجاتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ خود کو ہر قسم کے نشہ سے سختی سے دور رکھیں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں اور اگر کوئی اس طرح کے عمل میں ملوث دکھائی دے تواس بات کی پولیس کو اطلاع دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے استعمال کے خلاف شعور بیداری مہم وقت کا تقاضہ ہے۔ ہم سب کو اس سلسلہ میں انفرادی اور اجتماعی طورپر حصہ لینا ہوگا۔ سماج سے منشیات کے خاتمہ پر ہمارے معاشرہ و گھروں میں خوشحالی ہی خوشحالی آئے گی۔

 طلبا و طالبات نے کلکٹر حیدرآباد جناب انودیپ درشٹی کے زرین خیالات کی بغور سماعت کی اور اس بات کا بھی عہد کیا کہ وہ سماج سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کی مہم میں ہر ممکن حصہ لیں گے اور عوامی شعور بھی بیدار کریں گے۔

a3w
a3w