مہاراشٹرا

مالیگاؤں دھماکہ: پرگیہ ٹھاکر کی عدالت میں پیشی

ٹھاکر کے وکیل نے دن کی کارروائی کے دوران اے ٹی ایس عہدیداروں پر جرح کی۔ دوپہر تقریباً 12 بجے ٹھاکر عدالت پہنچی اور ملزمین کے لیے مقررہ لکڑی کی بنچ پر بیٹھی۔ بعد میں کمر درد کی شکایت کرنے پر عدالت نے اسے کرسی پر بیٹھنے کی اجازت دے دی۔

ممبئی: مہاراشٹرا کے مالیگاؤں میں 2008ء میں کیے گئے دھماکے کے کیس کی اصل ملزمہ بی جے پی کی ایم پی پرگیہ سنگھ ٹھاکر یہاں ذیلی عدالت میں پیش ہوئی۔ مدھیہ پردیش کے بھوپال سے ایم پی پرگیہ ٹھاکر این آئی اے کے خصوصی جج اے کے لاہوٹی کے سامنے پیش ہوئی۔

 عدالت میں مہاراشٹرا اے ٹی ایس کے ایک عہدیدار نے اپنی گواہی دی۔ اے ٹی ایس نے ہی ٹھاکر کو گرفتار کیا تھا۔ٹھاکر کے وکیل نے دن کی کارروائی کے دوران اے ٹی ایس عہدیداروں پر جرح کی۔ دوپہر تقریباً 12 بجے ٹھاکر عدالت پہنچی اور ملزمین  کے لیے مقررہ لکڑی کی بنچ پر بیٹھی۔ بعد میں کمر درد کی شکایت کرنے پر عدالت نے اسے کرسی پر بیٹھنے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے ٹھاکر کی درخواست پر کارروائی بھی ہندی میں چلائی (نہ کہ مراٹھی یا انگریزی میں) مالیگاؤں دھماکہ کیس میں ٹھاکر اور لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت سمیت سات افراد مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں۔

 کیس میں اب تک 26گواہ منحرف ہوچکے ہیں۔ مالیگاؤں میں 29/ ستمبر 2008 کو ایک مسجد کے پاس ایک بائیک پر بم رکھ کر کیے گئے دھماکے میں چھ افراد کی موت ہوئی تھی اور 100سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔