شمالی بھارت

ممتابنرجی، کرورتا بنرجی (ظالم بنرجی) بن گئی ہیں، وقف بل کے مخالفین ملک کے خیرخواہ نہیں: ڈپٹی چیف منسٹر بہار

ڈپٹی چیف منسٹر بہار وجئے سنہا نے جمعہ کے دن چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی پر مرشدآباد کے حالیہ پُرتشددواقعات کے حوالے سے سخت تنقید کی اور انہیں ”کرورتا بنرجی“ (ظالم بنرجی) قراردیا۔

ممبئی (آئی اے این ایس) ڈپٹی چیف منسٹر بہار وجئے سنہا نے جمعہ کے دن چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی پر مرشدآباد کے حالیہ پُرتشددواقعات کے حوالے سے سخت تنقید کی اور انہیں ”کرورتا بنرجی“ (ظالم بنرجی) قراردیا۔

آئی اے این ایس سے بات چیت میں وجئے سنہا نے کہا کہ ممتابنرجی کرورتابنرجی بن گئی ہیں۔ اپنی ظلم وزیادتی کے ساتھ ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے ہندوستانی کلچر کو تباہ کرنے کا عہد کرلیا ہے۔ انہوں نے اقتدار کی خاطر ثقافتی اقدار کو ترک کردیا ہے۔ ایسا رویہ ملک کے مفاد میں نہیں۔ مغربی بنگال ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔

یہ وہ ریاست ہے جس پر ہمیں فخر ہے لیکن ممتابنرجی اس کے وقار کو مسخ کررہی ہیں۔ وجئے سنہا نے اظہارتشکر کیلئے وزیراعظم مودی سے داؤدی بوہرہ برادری کی ملاقات پر بھی ردعمل ظاہرکیا اور کہا کہ وزیراعظم نے درکنارمسلمانوں اور غریب مسلمانوں کے فائدے کیلئے جو فیصلہ کیا ہے اس سے زمین مافیا کی نکیل کسے گی۔ جو لوگ اس مسئلہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں وہ ملک اور قوم کے خیرخواہ نہیں ہیں۔

ڈپٹی چیف منسٹر بہار نے جھارکھنڈ کے وزیراقلیتی بہبود کے حوالے سے عوامی نمائندوں کو سخت سزا کا مطالبہ کیا۔ بہار کے وزیراقلیتی بہبود نے شریعت کو قانون سے بالاتر رکھنے کی بات کہی تھی۔ وزیرحفیظ الحسن نے حال میں یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیاتھا کہ میرے لئے شریعت بڑی ہے۔

ہمارے دلوں میں قرآن ہوتا ہے اورہاتھ میں دستور‘ لہذا ہمارے نزدیک شریعت پہلے ہے اوردستور بعد میں۔ بہاراسمبلی الیکشن میں قیادت کے حوالے سے انہوں نے توثیق کی کہ ہمارے سینئر رہمنا پہلے ہی واضح کرچکے ہیں بہار انتخابی مہم وزیراعظم مودی اور چیف منسٹر نتیش کمارکے چہرے پر لڑی جائے گی۔

انہوں نے آرجے ڈی قائد تیجسوی یادو کے بہار میں جنگل راج والے ریمارک پر تنقید کی اور کہاکہ میں تیجسوی کو للکارتا ہوں کہ وہ اعلان کردیں کہ ان کی پارٹی کسی بھی مجرم یا بدعنوان کو ٹکٹ نہیں دے گی۔ تیجسوی یادو ایسا اعلان نہیں کرسکتے کیونکہ ان کی پارٹی مجرموں اور بدعنوانوں کو جگہ دیتی ہے۔