حیدرآباد

نکاح انسانی فطرت کی تکمیل اور معاشرتی استحکام کا ضامن ہے – فکری نشست سے مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب

انہوں نے کہا کہ نکاح نہ صرف انسانی فطرت کی تکمیل کا ذریعہ ہے بلکہ عفت و پاکدامنی کے تحفظ، نسل انسانی کی بقا، سکون و محبت کے حصول اور مضبوط خاندانی نظام کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اللہ تعالیٰ نے محبت اور رحمت رکھی ہے، جو ازدواجی زندگی کا بنیادی مقصد ہے۔

حیدرآباد: لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 پر "مقاصدِ نکاح اور اُس کی اہمیت” کے عنوان سے ایک فکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، نامپلی، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے نکاح کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں نکاح کو نہایت مقدس اور اہم سنت قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
عالمی یومِ معذورین کے موقع پر معذور بچوں کے لیے تلنگانہ حکومت کی مفت سہولتوں کا اعتراف مولانا مفتی صابر پاشاہ
تحفظِ اوقاف ہر مسلمان کا مذہبی و سماجی فریضہ: ڈاکٹر فہمیدہ بیگم
محکمہ تعلیم کے سبکدوش اساتذہ کو شاندار اعزاز، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
دعا اللہ کی قربت کا دروازہ، مومن کا ہتھیار ہے: مولانا صابر پاشاہ قادری

انہوں نے کہا کہ نکاح نہ صرف انسانی فطرت کی تکمیل کا ذریعہ ہے بلکہ عفت و پاکدامنی کے تحفظ، نسل انسانی کی بقا، سکون و محبت کے حصول اور مضبوط خاندانی نظام کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اللہ تعالیٰ نے محبت اور رحمت رکھی ہے، جو ازدواجی زندگی کا بنیادی مقصد ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: "النکاح من سنتی فمن رغب عن سنتی فلیس منی”، جس سے نکاح کی عظمت واضح ہوتی ہے۔

مولانا صابر پاشاہ نے کہا کہ بے نکاح مرد و عورت کو رسول اکرم ﷺ نے محتاج اور مسکین قرار دیا ہے، خواہ وہ مالدار ہی کیوں نہ ہوں۔ نکاح نہ صرف شرمگاہ کے گناہوں سے بچاؤ کا ذریعہ ہے بلکہ دین و دنیا کی کامیابی کی ضمانت بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاح کرنے والے افراد ایمان، پاکیزگی اور فحاشی سے دور رہتے ہیں جبکہ نکاح سے گریز کرنے والوں کو شیطان کا آلہ کار قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نکاح امت محمدیہؐ کے افراد میں اضافے، اولاد کی صالح تربیت، سکون و راحت، تقویٰ کے حصول اور معاشرتی استحکام کا سبب ہے۔ نکاح کے ذریعے معاشرہ پاکیزہ بنتا ہے اور گناہوں سے حفاظت حاصل ہوتی ہے۔

اس نشست میں نکاح کو عبادت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ نفل عبادات سے بھی افضل ہے۔ نکاح کے ذریعے جہاں فرد اپنی فطری خواہشات کو جائز طریقے سے پورا کرتا ہے، وہیں جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتا ہے۔

مقررین نے واضح کیا کہ نکاح کو ترک کرنا اسلام کا طریقہ نہیں بلکہ دیگر مذاہب کی رہبانیت سے مشابہ ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: "من أحب فطرتی فلیستن بسنتی ومن سنتی النکاح”۔ اس طرح نکاح کو رسول اللہ ﷺ کی سنت اور فطرت انسانی کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔