مایاوتی نے بھتیجہ کو اپنا جانشین بنادیا
بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے اتوار کے دن اپنے بھتیجہ آکاش آنند کو اپنا ”اتر ادھیکاری“ (جانشین) مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے اتوار کے دن اپنے بھتیجہ آکاش آنند کو اپنا ”اتر ادھیکاری“ (جانشین) مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
بی ایس پی کے ضلع صدر شاہجہاں پور ادئے ویر سنگھ نے بتایاکہ مایاوتی جی نے آکاش کو اپنا اتر ادھیکاری بنایا ہے۔ اُنہیں اترپردیش کو چھوڑ کر سارے ملک میں پارٹی تنظیم کو مستحکم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مایاوتی نے ضلع میں ایک میٹنگ میں اس فیصلہ کا اعلان کیا جس میں ملک بھر سے پارٹی قائدین شریک تھے۔
اودئے ویر سنگھ نے کہاکہ اُنہوں نے (مایاوتی) نے کہا ہے کہ آکاش اُن کے بعد اُن کا جانشین ہوگا۔پارٹی کے سرکاری بیان میں ایسے کسی فیصلہ کا ذکر نہیں کیا گیا۔بی ایس پی رکن قانون ساز کونسل بھیم راؤ امبیڈ کر نے توثیق کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں آکاش آنند کی شکل میں نوجوان قائد مل گیا ہے۔
آنند اُن ریاستوں میں پارٹی کو مستحکم کرے گا جہاں ہماری تنظیم کمزور ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہاکہ بی ایس پی کی مشن تحریک جاری رہے گی۔ آکاش آنند کے مایاوتی کا جانشین بننے کے بارے میں پوچھنے پر بہوجن سماج پارٹی یوپی یونٹ کے صدر وشواناتھ پال نے کہا ”پورا بہوجن سماج خوش ہے“۔
آئی اے این ایس کے بموجب مایاوتی نے اتوار کے دن اپنے بھتیجہ آکاش آنند کو بی ایس پی کی قیادت کیلئے اپنا جانشین بنادیا۔ آکاش آنند فی الحال بی جے پی کے قومی کوآرڈینٹر ہیں۔ پارٹی میٹنگ سے خطاب میں مایاوتی نے کہاکہ وہ اترپردیش اور اتراکھنڈ کی انچارج بنی رہیں گی۔
آکاش کو دیگر ریاستوں کے تعلق سے فیصلے کرنے کا اختیارہوگا۔ آکاش آنند نے اپنی پھوپھو کو ٹویٹر پر متعارف کرایا تھا۔ ٹویٹر اب ایکس کہلاتا ہے۔ 2019 کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن نے مایاوتی پر 48 گھنٹوں کیلئے انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کردی تھی جس کے دوران آکاش آنند کو پہلی مرتبہ سیاسی اسٹیج پر دیکھا گیا تھا۔
اُنہوں نے اپنی پہلی ریالی سے خطاب میں عوام کی حوصلہ افزائی کی تھی کہ وہ ایس پی۔ بی ایس پی۔ آر ایل ڈی اتحاد کی تائید کریں۔