راہل گاندھی کی سالگرہ پر دہلی میں میگا روزگار میلہ، 150 کمپنیاں روزگار کے مواقع فراہم کریں گی
چب نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں بے روزگاری اور امتحان کے پرچوں کے لیک ہونے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے مختلف مسائل میں الجھایا جا رہا ہے، جبکہ مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک ہونے سے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے۔
نئی دہلی: انڈین یوتھ کانگریس اور دلی پردیش کانگریس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 19 جون کو کانگریس رہنما راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں ایک میگا روزگار میلہ منعقد کیا جائے گا۔
یہ معلومات یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب نے اتوار کے روز کانگریس ہیڈکوارٹر، 24 اکبر روڈ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔
چب نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں بے روزگاری اور امتحان کے پرچوں کے لیک ہونے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے مختلف مسائل میں الجھایا جا رہا ہے، جبکہ مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک ہونے سے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان دن رات محنت کرکے امتحانات کی تیاری کرتے ہیں اور ان کے خاندان کوچنگ اور تعلیم پر بھاری اخراجات کرتے ہیں، لیکن آخرکار پیپر لیک جیسے واقعات ان کی محنت کو ضائع کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب حکومت بے روزگاری کا کوئی مؤثر حل پیش نہیں کر پا رہی، یوتھ کانگریس روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے یہ میگا روزگار میلہ منعقد کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 19 جون کو ہونے والے اس پروگرام میں تقریباً 150 کمپنیاں شرکت کریں گی اور اہل امیدواروں کے انٹرویو موقع پر ہی لیے جائیں گے۔ منتخب امیدواروں کو اسی دن آفر لیٹر بھی دیے جا سکتے ہیں۔
چب نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کی مدد کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا جائے گا تاکہ روزگار میلے یا آفر لیٹر سے متعلق کسی بھی مسئلے کا حل فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ایسا پروگرام نہیں ہے۔ گزشتہ سال بھی تالکٹورا اسٹیڈیم میں منعقدہ روزگار میلے میں تقریباً 18 ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے لگ بھگ سات ہزار نوجوانوں کو آفر لیٹر ملے تھے۔ اس کے علاوہ جے پور اور پٹنہ میں بھی اسی نوعیت کے روزگار میلوں کا کامیاب انعقاد کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روزگار میلے کے لیے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے نوجوان انڈین یوتھ کانگریس کی ویب سائٹ پر جا کر فارم بھر سکتے ہیں۔ جو امیدوار پہلے سے رجسٹریشن نہیں کروا سکیں گے، وہ 19 جون کو مقامِ تقریب پر پہنچ کر بھی اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔
جاب فیئر میں رجسٹریشن مکمل طور پر مفت رکھی گئی ہے۔