شمال مغربی سرحدوں کے قریب ایران کی فوجی مشقیں
یہ علاقہ آرمینیا اور آذربائیجان کی سرحدوں سے متصل ہے۔
تہران: ایران نے منگل کے روز تین شمال مغربی صوبوں اردبیل، مشرقی آذربائیجان اور مغربی آذربائیجان کے سرحدی محافظوں کی شمولیت سے بڑے پیمانے پر فوجی مشق کا آغاز کیا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA نے بدھ کے روز اطلاع دی ہے کہ ایران نے منگل کے روز اپنے مشرقی آذربائیجان صوبے کے سرحدی علاقے جولفہ میں فوجی مشقوں کا آغاز کیا۔
یہ علاقہ آرمینیا اور آذربائیجان کی سرحدوں سے متصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق فوجی مشق کا مقصد تین شمال مغربی صوبوں اردبیل، مشرقی آذربائیجان اور مغربی آذربائیجان کی سرحدی افواج کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانا اور ان کی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔
جولفہ کے سرحدی علاقے میں ہونے والی فوجی مشقوں کے دوران ایران کے پولس سربراہ احمد رضا نے اس مہم کا مقصد بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشق جولفا میں ٹیکٹیکل فائرنگ رینج میں تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی تھی۔
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ایرانی سکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں میں ہر قسم کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھتی ہیں اور اس مقصد کے لیے الیکٹرانک اور آپٹیکل سسٹم کا استعمال کیا جارہا ہے۔
ایرانی مسلح افواج نے گزشتہ چند دنوں میں متعدد فوجی مشقیں کی ہیں۔
فوجی حکام نے کہا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید مشقیں کی جائیں گی۔ ان مشقوں کا مقصد ممکنہ خطرات کے پیش نظر اپنی فوجی تیاریوں کو مضبوط بنانا ہے۔