ایم آئی ایم نے بہادرپورہ حلقہ کیلئے امیدوار کا اعلان کردیا
بیرسٹر اسد الدین اویسی نے آج بہادر پورہ حلقہ سے اپنی پارٹی کے امیدوار کا اعلان کردیا۔ پارٹی نے اس مرتبہ حلقہ بہادرپورہ سے محمد مبین کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔

حیدرآباد: مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) نے محمد مبین کو حلقہ اسمبلی بہادر پورہ سے پارٹی امیدوار بنایا ہے۔ صدر مجلس ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے سوشل میڈیا کے پلاٹ فام ایکس پر اعلان کیا کہ محمد مبین، حلقہ بہادر پورہ سے مجلس کے امیدوار ہوں گے۔ محمد مبین، شاستری پورم ڈیویژن کے کارپوریٹر ہیں۔
وہ 2002 سے جی ایچ ایم سی کیلئے منتخب ہوتے آرہے ہیں۔ اویسی نے معظم خان کا شکریہ ادا کیا جوتین میعاد سے حلقہ بہادر پورہ سے منتخب ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے ایک بار حلقہ آصف نگر سے بھی کامیابی حاصل کی تھی۔ محمد مبین کے نام کے ساتھ مجلس نے9 اسمبلی حلقوں سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
یہ تمام9 اسمبلی حلقہ جات، شہر میں شامل ہیں تاہم ان میں 2009 سے 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتی آرہی ہے۔ پارٹی نے اس بار موجودہ3ارکان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ ان میں سینئر قائد احمد پاشاہ قادری،ممتاز احمد خان اور معظم خان شامل ہیں۔
سابق مئیرس ذوالفقار علی اور ماجد حسین کو بالترتیب چارمینار اور نامپلی سے ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ نامپلی کے موجودہ رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کو یاقوت پورہ منتقل کردیا۔ اسد الدین اویسی کے بھائی اکبر الدین اویسی، حلقہ چندرائن گٹہ سے ایک بار پھر پرچہ نامزدگی داخل کرچکے ہیں۔ مجلس نے ایک بار پھر احمد بلعلہ کو ملک پیٹ سے اور کوثر محی الدین کو کاروان سے ٹکٹ دیا ہے۔
پارٹی نے اس بار جوبلی ہلز اور راجندر نگر حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جوبلی ہلز سے کانگریس امیدوار و سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کے خلاف مجلس نے محمد راشد فراز الدین کوٹکٹ دیا ہے جبکہ راجندر نگر سے سابق کارپوریٹر روی یادو، مجلس کے امیدوار ہوں گے۔