تلنگانہ
ٹرینڈنگ

بھینسہ: شرپسند ہندو عناصر نے نابالغ مسلم لڑکے سے زبردستی مندر میں آرتی و پوجا کروائی (ویڈیو)

اس ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی مسلم افراد میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ تانور مستقرمسجد کی کمیٹی کے ذمہ داروں نے نابالغ مسلم لڑکے کو طلب کرتے ہوئے تمام حالات سے واقفیت حاصل کی۔

بھینسہ: بھینسہ ڈیویژن کے تانور منڈل کے موضع جولا (کے) میں گذشتہ روز ایک شرمناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک نابالغ مسلم نوجوان کو اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر سبز پرچم لگانا کافی مہنگا پڑا۔

متعلقہ خبریں
مندر میں اسٹیج منہدم، ایک عورت ہلاک

موضع کے شرپسندوں ہندو عناصر نے مسلم نابالغ لڑکے کو اپنے مندر میں لے جا کر اس سے زبردستی آرتی کروائی اور پوجا کرواتے ہوئے مندر میں مورتیوں کے سامنے ماتھا ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ اس کے علاوہ تمام لوگوں کے سامنے اسے جے ایس آر کے نعرے لگانے پر بھی مجبو رکیا گیا۔

جبکہ معصوم نابالغ مسلم لڑکے نے سر پر نماز کی ٹوپی پہن رکھی تھی۔ موضع کے ہندو شرپسندوں کی شرپسندی کے باعث نابالغ لڑکا یہ سب کرنے پر مجبور ہوگیا اور ہندو شرپسندوں کی جانب سے ویڈیو میں ملعون راجہ سنگھ کے گیت لگاتے ہوئے اسے وائرل کیا گیا۔

اس ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی مقامی مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ تانور مستقر مسجد کی کمیٹی کے ذمہ داروں نے نابالغ مسلم لڑکے سے ملاقات کرتے ہوئے اس سے تفصیلات حاصل کیں۔

بعدازاں مقامی افراد نے نابالغ مسلم لڑکے کے ہمراہ بھینسہ پہنچ کر نائب صدرنشین بلدیہ بھینسہ محمد جابر احمد سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تمام حالات سے واقف کروایا جس پر محمد جابر احمد نے ضلع ایس پی نرمل جانکی شرمیلا اور اے ایس پی بھینسہ کانتی لال شبھاش پٹیل سے نمائندگی کرتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف فور ی کاروائی کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں مسجد کمیٹی کے ذمہ داران نے متاثرہ مسلم لڑکے کے ہمراہ تانور پولیس اسٹیشن پہنچ کر شرپسندوں کے خلاف شکایت درج کروائی۔ بعدازان ضلع پولیس پوری طرح متحرک ہوگئی اور ایڈیشنل ایس پی بھینسہ کانتی لال شبھاش پاٹل نے بھاری پولیس جمیعت کے ہمراہ موضع جولا کے پہنچ کر موضع میں بڑی تعداد میں پولیس کو متعین کردیا۔

اس دوران سرکل انسپکٹر مدہول جی ملیش، سب انسپکٹر تانور سندیپ نے اس ضمن میں تحقیقات کا آغاز کیا اور شرپسندوں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا۔ بعدازاں رات دیر گئے تین ہندو شرپسندوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سرکل انسپکٹر مدہول جی ملیش نے بتایا کہ مسلم نابالغ نوجوان کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔

a3w
a3w