تلنگانہ

تلنگانہ میں کل ایم ایل سی کا ضمنی الیکشن، پرامن رائے دہی کو یقینی بنانے وسیع تر انتظامات

تلنگانہ قانون ساز کونسل کے حلقہ گریجویٹ ورنگل۔ کھمم۔ نلگنڈہ کے ضمنی الیکشن جو پیر27مئی کو مقرر ہے، کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز کونسل کے حلقہ گریجویٹ ورنگل۔ کھمم۔ نلگنڈہ کے ضمنی الیکشن جو پیر27مئی کو مقرر ہے، کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔

متعلقہ خبریں
کھمم میں ایم ایل سی گریجویٹ انتخاب، پرامن رائے دہی
وزیراعظم ورنگل میں انتخابی مہم چلائیں گے
ڈپٹی چیف منسٹر کی اہلیہ حلقہ کھمم سے ٹکٹ کی دعویدار
ورنگل میں بی آر ایس کو بڑا جھٹکہ
کانگریس دور حکومت میں ورنگل کی ترقی نظر انداز: کے سی آر

متحدہ اضلاع ورنگل۔ کھمم اور نلگنڈہ کی 34اسمبلی حلقہ جات پر مشتمل ایم ایل سی حلقہ کے 4.63 لاکھ گریجویٹس ووٹ دینے کے لئے اہل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پرامن، آزادانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے ہیں۔

اسمبلی الیکشن میں کامیابی کے بعد بی آر ایس کے پلے راجیشور ریڈی کے کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے سبب ضمنی الیکشن ناگزیر ہوگیا ہے۔ اگرچیکہ انتخابی میدان میں 52 امیدوار موجود ہیں مگر اصل مقابلہ کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ہی ہے۔

لوک سبھا انتخابات کا عمل آخری مرحلہ میں ہے ایسے میں ایم ایل سی ضمنی الیکشن تینوں جماعتوں کیلئے اہم ہیں۔حکمراں جماعت کانگریس کیلئے الیکشن وقار کا مسئلہ بن گیا ہے۔ گریجویٹ حلقہ کی 34 کے منجملہ33اسمبلی نشستوں پر کانگریس کو کامیابی ملی تھی اسی وجہ سے کانگریس کو یقین ہے کہ وہ اس بار کونسل کی نشست بی آر ایس سے چھیننے میں کا میاب رہے گی۔

کانگریس نے چنتاپنڈو نوین عرف تین مارملنا کو امیدوار بنایا ہے۔ دوسال قبل منعقدہ اس حلقہ کے انتخابات میں تین مارملنا نے بحیثیت آزاد امیدوار حصہ لیا تھا اور دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔تین مار ملنا کو بی آر ایس امیدوار راکیش ریڈی اور بی جے پی امیدوار پر یمندر ریڈی سے مقابلہ ہے۔

2021کے انتخابات میں پریمندر ریڈی نے چوتھا مقام حاصل کیا تھا۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ضلع کلکٹروں کو 27 مئی کو رائے دہی کے دن ملازمین کو خصوصی رخصت اتفاقی منظور کرنے کی ہدایت دی۔

چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ رائے دہی کے دن ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے سرکاری ملازمین کو خصوصی رخصت اتفاقی منظور کرنے کی ہدایت دی ہے اس سلسلہ میں احکام بھی جاری کردئیے گئے۔

اضلاع ورنگل، ہنمکنڈہ، محبوب آباد، جئے شنکر بھوپال پلی، جنگاؤں، ملگ، سدی پیٹ، کھمم، کتہ گوڑم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ اور یدادری بھونگیر کے کلکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان احکام کو نافذ کریں۔

a3w
a3w