مودی‘ انکساری میں میری برابری نہیں کرسکتے: اشوک گہلوت
جمعہ کو دیر گئے ضلع سروہی کی آبو روڈ پہنچنے والے مودی نے ریالی سے خطاب نہیں کیا تھا کیونکہ وہ تاخیر سے آئے تھے۔ انہوں نے 3 مرتبہ جھک کر حاضرین ِ جلسہ سے معافی مانگی تھی۔
جئے پور: چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلو ت نے ہفتہ کے دن سروہی میں حاضرین ِ جلسہ سے معافی مانگنے پر نریندر مودی پر طنز کیا اور کہا کہ وزیراعظم خود کو مجھ سے زیادہ منکسرالمزاج دکھانا چاہتے ہیں۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ اس کے بجائے مودی کو چاہئے کہ وہ مل کے عوام کو بھائی چارہ اور محبت کا پیام دیں۔
جمعہ کو دیر گئے ضلع سروہی کی آبو روڈ پہنچنے والے مودی نے ریالی سے خطاب نہیں کیا تھا کیونکہ وہ تاخیر سے آئے تھے۔ انہوں نے 3 مرتبہ جھک کر حاضرین ِ جلسہ سے معافی مانگی تھی۔
اشوک گہلوت نے بکانیر میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ مودی کو معلوم ہے کہ راجستھان میں اشوک گہلوت کی امیج ایک نہایت منکسرالمزاج‘ ایک سادہ آدمی کی ہے۔ یہ امیج بچپن سے ہے۔ مودی جی اس کی برابری کیسے کرسکتے ہیں؟۔
انہوں نے خود کو مجھ سے زیادہ منکسرالمزاج دکھانا چاہا۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ مودی کو بھائی چارہ کا پیام دینا چاہئے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ وہ میرا مشورہ نہیں مان رہے ہیں۔ مودی نے اگر عوام سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی عام کرنے کی اپیل کی ہوتی تو میں ان سے ملاقات کرتا اور مبارکباد دیتا۔