مودی نے راموجی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا
وزیر اعظم نے کہا، " راموجی راؤ گارو ہندوستان کی ترقی کے تئیں بے حد پرجوش تھے۔ میں خوش قسمت تھا کہ ان کے ساتھ بات چیت کرنے اور ان کی حکمت سے استفادہ کرنے کے بہت سے مواقع ملے۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ایناڈو میڈیا گروپ کے چیئرمین اور راموجی فلم سٹی کے بانی راموجی راؤ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر صحافت اور فلم انڈسٹری کی بڑی شخصیت مسٹر راؤ کی شراکت کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، "وہ ایک دوراندیش شخص تھے جنہوں نے ہندوستانی میڈیا میں انقلاب برپا کیا۔ ان کی بھرپور شراکت نے صحافت اور فلم کی دنیا پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ "اپنی قابل ذکر کوششوں کے ذریعے انہوں نے میڈیا اور تفریح کی دنیا میں جدت اور عمدگی کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔”
وزیر اعظم نے کہا، "مسٹر راموجی راؤ گارو ہندوستان کی ترقی کے تئیں بے حد پرجوش تھے۔ میں خوش قسمت تھا کہ ان کے ساتھ بات چیت کرنے اور ان کی حکمت سے استفادہ کرنے کے بہت سے مواقع ملے۔ ان مشکل وقتوں میں ان کے کنبے، دوستوں اور ان گنت مداحوں کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے۔ اوم شانتی۔”
خیال رہے کہ راموجی فلم سٹی کے بانی مسٹر راؤ کا آج صبح حیدرآباد کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر سے ساؤتھ انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔