اسرائیل نے جنگ بندی کی نئی امریکی تجویز مسترد کردی
اسرائیل نے نئی تجویز مسترد کردی ہے جس میں مزید 10 یرغمالیوں کی رہائی کے عوض غزہ میں جنگ روکنے کی بات کہی گئی تھی۔ اسرائیل کے سرکاری ٹی وی نے پیر کے دن یہ اطلاع دی۔

یروشلم (آئی اے این ایس) اسرائیل نے نئی تجویز مسترد کردی ہے جس میں مزید 10 یرغمالیوں کی رہائی کے عوض غزہ میں جنگ روکنے کی بات کہی گئی تھی۔ اسرائیل کے سرکاری ٹی وی نے پیر کے دن یہ اطلاع دی۔
ملک کی مذاکرات کار ٹیم کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ امریکی ثالثیوں نے کل رات تجویز پیش کی تھی کہ 5 زندہ اور 5 مردہ یرغمالیوں کی رہائی کے عوض غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دی جائے‘ 70 روزہ جنگ بندی نافذ ہو اور مستقل جنگ بندی کے لئے بات چیت ہو۔
عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل نے یہ معاملت مسترد کردی۔ اس نے اسے حماس کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف قراردیا۔ اسرائیل نے مارچ میں تیسرے مرحلہ کی جنگ بندی کا معاہدہ ختم کردیا تھا۔ 2 ماہ کی جنگ بندی کے دوران حماس نے 33 اسرائیلی یرغمالی رہا کئے تھے۔
گزشتہ ہفتہ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزیناں کے سربراہ نے غزہ پٹی میں بامعنی اور بلارکاوٹ امداد کے بہاؤ پر زور دیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ کے شہریوں کے لئے جو بین الاقوامی امداد آرہی ہے‘ وہ حماس کے قبضہ میں جارہی ہے۔ اقوام متحدہ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔