مودی کا ایک قوم ایک لیڈر کے خطرناک مشن کو مکمل کرنے کا ارادہ ہے: کیجریوال
دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینر اروند کیجریوال نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا انتخابات جیت جاتی ہے تو سبھی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو جیلوں میں ڈال کر ایک قوم ایک لیڈر کا خطرناک مشن پورا کریں گے۔
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینر اروند کیجریوال نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا انتخابات جیت جاتی ہے تو سبھی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو جیلوں میں ڈال کر ایک قوم ایک لیڈر کا خطرناک مشن پورا کریں گے۔
مسٹر کیجریوال نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آپ کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پارٹی کے چار بڑے لیڈروں کو جیل بھیجنے کے بعد بھی ان کی پارٹی اور مضبوط ہوکر ابھری ہے۔ وزیراعظم آپ کو کچلنا چاہتے ہیں۔ مودی کا یہ عمل جمہوریت نہیں ہے ، ملک کے عوام اسے پسند نہیں کرتے۔
دہلی کے وزیراعلی نے کہا کہ وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ وہ کرپشن کے خلاف لڑ رہے ہیں لیکن انہوں نے ملک کے بدعنوان ترین لوگوں کو اپنی پارٹی میں شامل کر لیا ہے۔ اگر وہ بدعنوانی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں تو انہیں کیجریوال سے سیکھنا پڑے گا۔ وزیراعظم صاحب اہل وطن کو بیوقوف سمجھنے کی غلطی نہ کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے بہت خطرناک مشن شروع کیا ہے۔ وہ ایک قوم ایک لیڈر کے راستے پر چل رہے ہیں ،جس میں وہ ہم تمام اپوزیشن کو ختم کر دیں گے۔ اگر وہ الیکشن جیت گئے تو باقی تمام اپوزیشن لیڈر جیل میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں کی سیاست کو بھی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر وہ اس بار الیکشن جیتتے ہیں تو وہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی جگہ بھی لیں گے۔ اس سے پہلے وہ کئی ریاستوں میں بی جے پی کے سینئر لیڈروں کو سائیڈ لائن کرنے کا کام کر چکے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے کہا "آج ایک آمر شخص ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ اس لئے وہ 140 کروڑ اہل وطن سے ملک کی جمہوریت کو بچانے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لیے وہ پورے ملک میں جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسٹر مودی اپنے لئے ووٹ نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ وہ وزیر داخلہ امت شاہ کو وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں کیونکہ وزیر اعظم اگلے سال 17 ستمبر کو 75 سال کے ہو جائیں گے۔
مسٹر کیجروال نے کہا کہ 4 جون کے بعد بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نہیں بن رہی ہے۔ تمام ریاستوں میں بی جے پی کی سیٹیں کم ہو رہی ہیں۔ کسی ایک ریاست میں بھی ان کی سیٹیں نہیں بڑھ رہی ہیں۔ ملک میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی اور آپ بھی اس میں ساجھیدار دار ہو گی اور دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیں گے۔
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا "پورے ملک نے دیکھا ہے کہ ملک کے مقبول ترین لیڈر اروند کیجریوال کے ساتھ کیا ہوا۔ مسٹر اروند کیجریوال صرف ایک شخص نہیں بلکہ ایک سوچ ہیں۔ انسان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے لیکن سوچ کو قید نہیں کیا جا سکتا۔ تین مرحلوں کے انتخابات کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو پتہ چل گیا ہے کہ اس بار چار سو نہیں، اس بار بیڑا پار بھی نہیں ہوگا ۔ یہ لوک سبھا انتخابات جمہوریت کو بچانے کے لیے ہیں ۔ دس سال اقتدار میں رہنے کے بعد وزیر اعظم منگل سوتر پر ووٹ مانگ رہے ہیں، یہ شرم کی بات ہے۔
قبل ازیں مسٹر کیجریوال نے کناٹ پلیس میں واقع ہنومان مندر میں پوجا کی۔ اس کے ساتھ ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور مسٹر مان بھی موجود تھے۔ ہنومان مندر میں پوجا کرنے کے بعد مسٹر کیجریوال قدیم شیو اور شنی مندر گئے۔
واضح ر ہے کہ سپریم کورٹ نے مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعلی کے دفتر جانے پر پابندی سمیت کئی دیگر شرائط کے ساتھ جمعہ کو مسٹر کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت دے دی۔ وزیر اعلیٰ کو 50 دن کی گرفتاری (39 دن کی عدالتی تحویل اور 11 دن کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست) کے بعد کل شام تہاڑ جیل سے رہا کیا گیا ہے ۔