ماں نے تین سالہ بیٹے کو ساتھ باندھ کر نہر میں چھلانگ لگا دی، ورنگل میں دل دہلا دینے والا واقعہ
ریسکیو ٹیم کے مطابق، پانی میں طویل وقت گزرنے کی وجہ سے کلیانی کے چہرے کو شدید نقصان پہنچا، یہاں تک کہ مچھلیوں نے ہونٹوں کو بھی بری طرح متاثر کیا تھا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں ایک نہایت دردناک اور دل کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ماں نے اپنے تین سالہ معصوم بیٹے کے ساتھ نہر میں کود کر خودکشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق، یہ واقعہ ورنگل ضلع کے وردھناپیٹ منڈل کے ایللند گاؤں کے قریب پیش آیا۔ 24 سالہ شادی شدہ خاتون کلیانی نے اپنے تین سالہ بیٹے شرییانش کو چُنی (اوڑھنی) سے باندھ کر ایس آر ایس پی نہر میں چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں دونوں کی موت واقع ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی مقامی حکام اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ نہر میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث تقریباً سات گھنٹوں تک تلاش جاری رہی، جس کے بعد ماں اور بیٹے کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ریسکیو ٹیم کے مطابق، پانی میں طویل وقت گزرنے کی وجہ سے کلیانی کے چہرے کو شدید نقصان پہنچا، یہاں تک کہ مچھلیوں نے ہونٹوں کو بھی بری طرح متاثر کیا تھا۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ افسوسناک قدم جہیز کے لیے ہراسانی کے باعث اٹھایا گیا ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔