جرائم و حادثاتسوشیل میڈیاقومیمہاراشٹرا

پارک میں نوجوان جوڑے پر لاٹھیوں سے حملہ، ویڈیو وائرل

ممبئی کے کرلا علاقہ میں ایک عوامی پارک میں 8 سے 10 لڑکوں کے گروپ نے ایک نوجوان جوڑے پر حملہ کردیا۔ لڑکوں نے لاٹھیوں سے نوجوان کو مارا پیٹا اور مکے بھی برسائے۔

ممبئی: ممبئی کے کرلا علاقہ میں ایک عوامی پارک میں 8 سے 10 لڑکوں کے گروپ نے ایک نوجوان جوڑے پر حملہ کردیا۔ لڑکوں نے لاٹھیوں سے نوجوان کو مارا پیٹا اور مکے بھی برسائے۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کم از کم 6 نابالغوں کو 15 دن کے لیے آبزرویشن ہوم بھیج دیا ہے۔

یہ واقعہ کرلا ویسٹ میں فینکس مال کے پیچھے واقع پرمود مہاجن گارڈن میں پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں 8 سے 10 لڑکوں کو جوڑے کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بتایا گیا کہ تمام لڑکے نابالغ ہیں۔ بحث کے دوران لڑکوں نے جوڑے کو گھیر لیا اور ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔ اسی دوران بعض لڑکوں نے لکڑی کی لاٹھیوں سے نوجوان پر حملہ کردیا، جبکہ بعد میں اسے مکے بھی مارے گئے۔

نوجوان کے ساتھ موجود خاتون نے حملہ آوروں کو روکنے اور نوجوان کو بچانے کی کوشش کی۔ تاہم، لڑکوں کی جانب سے مسلسل حملے کے بعد جوڑا کسی طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیا اور حملے میں ملوث نابالغوں کی شناخت کرتے ہوئے ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔

اس کے علاوہ نابالغوں کے والدین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

بی جے پی قائد کریٹ سومیا نے بھی حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی۔ انہوں نے واقعہ کو ’’مسلم غنڈہ گردی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ آج جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے۔

دوسری جانب ممبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عوامی مقامات پر چہل قدمی کرنے والے شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔