مسک کااسرائیل کی حمایت کا اعلان
حالیہ عرصہ میں شدید تنقید کا نشانہ بننے والے امریکی ارب پتی ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔
تل ابیب: حالیہ عرصہ میں شدید تنقید کا نشانہ بننے والے امریکی ارب پتی ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔
مسک پر یہودی دشمنی کے الزامات لگائے جارہے تھے۔ تاہم پیر کو اچانک مسک نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان کردیا۔ ایلون مسک نے حماس کی جانب سے کیے گئے اچانک حملے کے بعد اسرائیل کی کارروائی کی حمایت کا اظہار کیا۔
ایلون مسک نے کہا چیلنجوں میں سے ایک چیلنج اس پروپیگنڈے کو روکنا بھی ہے جو جو لوگوں کو قتل میں ملوث ہونے پر آمادہ کرتا ہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو ایک لائیو آن لائن چیٹ میں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ حماس کو ختم کرنا ضروری ہے۔ مسک نے کہا کہ اس کے سوا کوئی راستہ نہیں میں بھی اس میں مدد کرنا چاہوں گا۔ اس سے قبل مسک نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ہمراہ، بستی "کفار عزہ” کا دورہ کیا۔ یہ بستی 7 اکتوبر کے حماس کے حملوں میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والی بستی ہے۔
اسرائیل نے پیر کو کہا کہ اس نے مسک کے ساتھ اصولی طور پر اسرائیلی وزارت مواصلات کی منظوری کے بعد غزہ کی پٹی میں مسک کی کمپنی سپیس ایکس کے سٹار لنک کمیونیکیشن سروس استعمال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ مسک کے دفتر نے ابھی تک اس دورے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔