مسلمان زندگی کو اللہ کے حکم اور نبی کریمؐ کے طریقے کے مطابق بنانے کی فکر کریں: مولانا عرفان قاسمی
جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام اور جمعیۃ علماء تلنگانہ کے زیر انتظام 10 ستمبر بروز منگل بعد نماز عشاء مکہ مسجد احمد پورہ میں جلسۂ اصلاح معاشرہ و سیرت النبی ﷺ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔
نظام آباد: جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام اور جمعیۃ علماء تلنگانہ کے زیر انتظام 10 ستمبر بروز منگل بعد نماز عشاء مکہ مسجد احمد پورہ میں جلسۂ اصلاح معاشرہ و سیرت النبی ﷺ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس جلسے کی سرپرستی حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب (صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا) نے کی جبکہ نگرانی حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد) نے کی۔
مہمان خصوصی ممتاز عالم دین حضرت مولانا قطب الدین صاحب قاسمی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو شادیوں کو سنت کے مطابق انجام دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شادیوں میں خیر و برکت نہیں ہوتی جن میں اسلامی تعلیمات کو نظر انداز کیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ شادی کے موقع پر غیر شرعی رسومات اور خرافات سے پرہیز کیا جائے اور نبی کریم ﷺ کی اتباع کے مطابق تقریبِ نکاح کو انجام دیا جائے۔
حضرت مولانا عرفان صاحب قاسمی، مبلغ دارالعلوم دیوبند، نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو اللہ کے احکامات اور نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب مسلمان وہی ہے جو اپنی زندگی کو نبی کریم ﷺ کے طریقے کے مطابق گزارے اور ہر کام میں اللہ کے حکم کو مقدم رکھے۔
جلسے کا آغاز حافظ ابراہیم صاحب اشاعتی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں، حافظ افسر صاحب مظہری اور مولانا سید ثناء اللہ صاحب نے نعت شریف پیش کی۔
اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب، مولانا لیئق احمد صاحب قاسمی، مولانا عبدالحمید السائح صاحب قاسمی اور دیگر علماء کرام و ذمے داران جمعیتہ بھی موجود تھے۔
جلسے کے دوران مقررین نے مسلمانوں کو اپنی زندگیوں کا جائزہ لینے اور ہر مرحلے پر نبی کریم ﷺ کی ہدایات کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔