انٹرٹینمنٹ

گیت بے شرم رنگ: مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ کو دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ کے لباس کے رنگوں پر اعتراض

وزیر نروتم مشرا نے کہا کہ فلم میں قابل اعتراض مناظر ہیں اور ان کی فلم بندی انتہائی غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملبوسات اور مناظر کو درست کیا جائے، ورنہ اس فلم کو مدھیہ پردیش میں نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے ایک گانے میں زعفرانی ملبوسات کے استعمال پر بھڑک اٹھے ہیں اور انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مدھیہ پردیش میں اس فلم کی نمائش پر پابندی لگانے کی دھمکی دی ہے۔ اس طرح ایم پی میں پٹھان کی ریلیز مشکوک ہوگئی ہے۔

وزیر نروتم مشرا نے کہا کہ فلم میں قابل اعتراض مناظر ہیں اور ان کی فلم بندی انتہائی غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملبوسات اور مناظر کو درست کیا جائے، ورنہ اس فلم کو مدھیہ پردیش میں نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ڈاکٹر مشرا نے یہ بھی کہا کہ اگر قابل اعتراض مناظر کو حذف کر دیا جائے تو فلم کی نمائش کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گانے میں دیپیکا پڈوکون کو زعفرانی اور شاہ رخ خان کو سبز رنگ کے ملبوسات پہنائے گئے ہیں، اس کا کیا مطلب ہوسکتا ہے؟ انہوں نے اس غلطی کودرست کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر مدھیہ پردیش میں فلم پر پابندی لگانے کی دھمکی دی۔

واضح رہے کہ پہلے ہی یوٹیوب پر فلم پٹھان کا ’’بے شرم رنگ‘’ کے عنوان سے ایک گانا ریلیز ہونے کے بعد کافی تنازعہ کھڑا ہوچکا ہے۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے گانے میں زعفرانی رنگ کے ملبوسات کے استعمال کی شکایت کی اور یہاں تک دعویٰ کیا کہ جان بوجھ کر اس رنگ کی توہین کے لئے یہ سب کیا گیا ہے۔

بتادیں کہ کل ہی گلبرگہ ریلوے اسٹیشن کی دیواروں پر سبز رنگ کو دیکھ کر دائیں بازو کی تنظیموں نے ہنگامہ کھڑا کردیا تھا جس کے بعد اس رنگ پر سفید رنگ کردیا گیا تھا۔