ایشیاء

آمنہ بلوچ‘ پاکستان کی دوسری خاتون معتمد خارجہ

آمنہ بلوچ‘ وزیراعظم کے دفتر میں جوائنٹ سکریٹری اور وزیر خارجہ کے دفتر میں ایڈیشنل سکریٹری بھی رہیں۔ ان کے شوہر کا نام ذوالفقار علی خان ہے اور انہیں 2 بیٹیاں ہیں۔ منگل کے دن سبکدوش سائرس سجاد قاضی کا سفارتی کیرئیر 34 سال طویل رہا۔

اسلام آباد: پاکستان کی دوسری خاتون معتمد خارجہ آمنہ بلوچ نے چہارشنبہ کے دن اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ وہ ملک کی 33 ویں معتمد خارجہ ہیں۔ وہ سائرس سجاد قاضی کی جانشین بنی ہیں جو وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔

پاکستان فارن سروس گریڈ 22 کی عہدیدار آمنہ بلوچ کو گزشتہ ہفتہ معتمد خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ وہ تہمینہ جنجوعہ کے بعد دوسری خاتون معتمد خارجہ بنی ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ 2017 تا 2019 پاکستان کی معتمد خارجہ تھیں۔ 58 سالہ آمنہ بلوچ نے ہسٹری میں ماسٹرس کی ڈگری لی ہے۔

 وہ 1991 میں فارن سروس میں بھرتی ہوئی تھیں۔ وہ اسلام آباد اور بیرونی ممالک میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔ وہ 2014 تا 2017 چین میں پاکستانی قونصل جنرل اور 2019 تا 2023 ملایشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر تھیں۔ معتمد خارجہ بننے سے پہلے وہ یوروپین یونین‘ بلجیم اور لکژمبرگ میں اپنے ملک کی سفیر تھیں۔

آمنہ بلوچ‘ وزیراعظم کے دفتر میں جوائنٹ سکریٹری اور وزیر خارجہ کے دفتر میں ایڈیشنل سکریٹری بھی رہیں۔ ان کے شوہر کا نام ذوالفقار علی خان ہے اور انہیں 2 بیٹیاں ہیں۔ منگل کے دن سبکدوش سائرس سجاد قاضی کا سفارتی کیرئیر 34 سال طویل رہا۔ وہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر بھی تھے۔