دہلی

’اخبار نیشنل ہیرالڈ کانگریس کا اے ٹی ایم‘:انوراگ ٹھاکر

نیشنل ہیرالڈ اخبارکو جوبند ہونے کے قریب ہے‘ کانگریس کا اے ٹی ایم قرار دیتے ہوئے سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج ”پہلے خاندان‘ بعد میں پارٹی“ کی پالیسی اختیار کرنے پر کانگریس کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ ای ڈی کے کیس نے دکھا دیا ہے کہ اس کے قائدین ایک بار پھر دھوکہ دہی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) نیشنل ہیرالڈ اخبارکو جوبند ہونے کے قریب ہے‘ کانگریس کا اے ٹی ایم قرار دیتے ہوئے سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج ”پہلے خاندان‘ بعد میں پارٹی“ کی پالیسی اختیار کرنے پر کانگریس کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ ای ڈی کے کیس نے دکھا دیا ہے کہ اس کے قائدین ایک بار پھر دھوکہ دہی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔

اولین وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے دور سے ہی اس کے مبینہ کرپشن کے ورثہ پر کانگریس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ جب کبھی ہم نیشنل ہیرالڈ کے بارے میں بات کرتے ہیں تو اس سے کانگریس پارٹی کے پورے ایکوسسٹم کا احساس ہوتا ہے۔

اگر آپ کانگریس کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو آزادی کے بعد سے کئی اسکامس منظر عام پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی کی تحقیقات نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ کانگریس قائدین نے صرف 50لاکھ روپے ادا کرتے ہوئے دو ہزار کروڑ روپے کی جائیداد حاصل کرنے کی کوشش کی۔

اس سے کانگریس کے کرپشن کا ماڈل بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ نیشنل ہیرالڈ کو دیے جانے والے کرایے اور اشتہارات نے کانگریس کے اسکام کو بے نقاب کردیا ہے اور اِس اخبار کو اے ٹی ایم کے طور پرچلائے جانے کو ظاہر کیا ہے۔

انوراگ ٹھاکر نے ایک ایسے وقت یہ تبصرہ کیا جب بھارتیہ جنتا یووامورچہ نے دہلی میں نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس قائدین سونیا اور راہول گاندھی کے مبینہ کرپشن کے خلاف احتجاج کیا۔ دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے یووا مورچہ کے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس، کرپشن کی تاریخ رکھتی ہے۔

وہ پلے کارڈس اٹھائے ہوئے پارٹی کارکنوں کے ساتھ چل رہے تھے۔ ان پلے کارڈس پر تحریر تھا ”کرپشن کی روایت، کانگریس کا واحد مشن“۔ سچدیوا نے کہا کہ اگرکانگریس قائدین نے کوئی غلطی نہیں کی ہے تو اسے بے چین ہونے کی ضرورت نہیں۔ نیشنل ہیرالڈ کیس ہائی کورٹ کی اجازت سے چلایا جارہا ہے۔ ججس نے کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔