نواز شریف نے عمرہ ادا کیا
سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کیا۔ توقع ہے کہ وہ 21 اکتوبر کو پاکستان واپسی سے قبل اعلیٰ قائدین سے ملاقات کریں گے۔
اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کیا۔ توقع ہے کہ وہ 21 اکتوبر کو پاکستان واپسی سے قبل اعلیٰ قائدین سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نواز سربراہ چہارشنبہ کے دن براہ ِ ریاض و دُبئی‘ پاکستان کے لئے لندن سے روانہ ہوگئے۔ جیو نیوز نے یہ اطلاع دی۔
73 سالہ سابق وزیراعظم نے جمعرات کے دن اپنے بیٹے اور دیگر قریبی ساتھیوں کے ساتھ عمرہ ادا کیا۔
اخبار دی نیشن کے بموجب نواز شریف‘ سعودی عرب میں قیام کے دوران اعلیٰ سعودی عہدیداروں بشمول رائل فیملی سے ملاقات کریں گے۔
وہ 16 یا 17 اکتوبر کو جدہ سے دُبئی پہنچیں گے اور وہاں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ان کی ملاقات ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ دُبئی سے قطر بھی جاسکتے ہیں۔
قطر سے دُبئی لوٹ کر وہ خصوصی طیارہ میں 21 اکتوبر کو پاکستان کا رخ کریں گے۔ ان کی یہ چارٹرڈ پرواز جسے امید ِ پاکستان کا نام دیا گیا ہے‘ دُبئی سے پہلے اسلام آباد اوربعد میں لاہور میں لینڈنگ کرے گی۔ لاہور کے مینارِ پاکستان میں بڑے جلسہ ئ عام سے نواز شریف کا خطاب ہوگا۔