شمالی بھارت

نیٹ پرچہ سوالات افشاء کیس، امتحان سے ایک دن پہلے پیپر ملنے کا انکشاف

بہار پولیس کے معاشی جرائم یونٹ (ای او یو) نے جو نیشنل ایلجبلیٹی کم انٹرنس ٹسٹ (نیٹ۔ یوجی) 2024ء میں پرچہئ سوالات کے افشاء کی تحقیقات کررہی ہے، ہفتہ کے روز 11 امیدواروں کو نوٹسیں روانہ کی ہیں، جن پر اس جرم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

پٹنہ: بہار پولیس کے معاشی جرائم یونٹ (ای او یو) نے جو نیشنل ایلجبلیٹی کم انٹرنس ٹسٹ (نیٹ۔ یوجی) 2024ء میں پرچہئ سوالات کے افشاء کی تحقیقات کررہی ہے، ہفتہ کے روز 11 امیدواروں کو نوٹسیں روانہ کی ہیں، جن پر اس جرم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

امتحانی مافیاؤں سے ان کے نام اور رول کے کوڈ نمبر معلوم ہونے کے بعد انھیں نوٹسیں دی گئی ہیں۔ 11 امیدواروں میں 7 لڑکیاں بھی شامل ہیں، جن کا بہار کے مختلف اضلاع سے تعلق ہے۔

این ٹی اے جس نے قبل ازیں نیٹ 2024ء میں کسی بھی بے قاعدگی کے دعوؤں کو یکسر مسترد کردیا تھا، بہار ای او یو کو 11 امیدواروں کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں۔ قبل ازیں ای او یو نے 6 اگزام مافیاؤں، 4 امیدواروں اور 3 والدین سمیت 13 افراد کو گرفتار کیا تھا اور انھیں جیل بھیج دیا تھا۔

گرفتار ملزمین کی ایماء پر ای او یو نے پٹنہ کے راما کرشنا نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع لرن پلے اسکول کے احاطہ سے جزوی طور پر جلے ہوئے پرچہ سوالات برآمد کیے تھے۔ ای او یو کو بک لیٹ نمبر 6136488 میں جزوی طور پر جلے ہوئے پرچہ سوالات دستیاب ہوئے، جن کے مشمولات بھی نیٹ (یو جی) 2024ء کے پرچہئ سوالات کے مماثل ہیں۔

ای او یو‘نے این ٹی اے سے تقریباً ایک ماہ قبل بک لیٹ نمبر 6136488 کی اصل کاپی مانگی تھی لیکن 3 مرتبہ یاددہانی کے باوجود اصل کاپی فراہم نہیں کی گئی۔ گرفتار امیدواروں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انھیں امتحان سے ایک دن پہلے 4 مئی کو پرچہئ سوالات مل گیا تھا اور یہ ویسا ہی تھا۔

نیٹ کا نتیجہ 14 جون کو آنے والا تھا، لیکن 4 جون کو ہی اس کا اعلان کردیا گیا تھا۔ نیٹ یو جی امتحان میں سب سے حیرت انگیز پہلو یہ تھا کہ 67 امیدواروں نے صد فیصد نشانات حاصل کیے اور ہزاروں طلباء نے زائد از 700 نشانات حاصل کیے۔ جملہ 24 لاکھ امیدوار امتحان میں شریک ہوئے تھے اور زائد از 13 لاکھ امیدوار اس میں کامیاب ہوئے۔

1563 امیدواروں کو بے ترتیب طور پر رعایتی نشانات دیے گئے، جب کہ امتحان کے اعلامیہ میں ایسے کسی نکتہ کا ذکر نہیں تھا۔ این ٹی اے نے عدالت میں کہا کہ 1563 امیدواروں کے رعایتی نشانات منسوخ کردیے جائیں گے اور انھیں 23 جون کو دوبارہ امتحان تحریر کرنا ہوگا۔ بہرحال درخواست گزار صرف رعایتی نشانات کی منسوخی سے مطمئن نہیں۔

a3w
a3w